جمیعت موروثی جماعت، میں مولانا فضل الرحمن سے پہلے جماعت میں آیا، حافظ حسین احمد

اسلام آباد:جے یو آئی (ف)میں مولانا فضل الرحمان کے خلاف بغاوت کی اندرونی کہانی منظرعام پر آگئی۔نجی ٹی وی کے مطابق جے یو آئی (ف)اور پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے خلاف حافظ حسین احمد اور مولانا شیرانی کی تنقید کی وجہ سامنے آگئی، ذرائع کے مطابق پارٹی پالیسی سے ہٹ کربیانات پرمولانا سینئر رہنماؤں سے ناراض ہیں، حافظ حسین احمد کا کہنا تھا کہ آج جے یو آئی میں پیسے والوں کو آگے لایا جارہا ہے۔حافظ حسین احمد نے کہا کہ مولاناشیرانی،گل نصیب ودیگر رہنماجمعیت کی پالیسی سے تنگ ہیں،جے یو آئی موروثی جماعت ہے، بطور جمعیت کے رکن میرے فارم پر خود مولانا مفتی محمود نے دستخط کیے تھے، پرانے رہنماؤں کو جے یو آئی میں برداشت نہیں کیا جارہا۔انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان سے پہلے جمعیت میں آیا تھا، میں 1973 میں جمعیت میں آیا اور فضل الرحمان 1980 میں رکن بنے، ترجمانی سے ہٹایا گیا ہے لیکن اب بھی جمعیت کا رکن ہوں۔دوسری جانب فضل الرحمان کی ہدایت پر دونوں رہنماں سے بلوچستان جے یو آئی قائدین نے ملاقات کی، حافظ حسین احمد اور مولانا شیرانی سے پارٹی پالیسی کے مخالف بیانات پر پوچھ گچھ کی گئی۔ پارٹی پالیسی کے خلاف بیانات پر دونوں قائدین واضح جواب نہ دے سکے، بظاہر سینیٹ الیکشن میں پارٹی ٹکٹ نہ ملنے پر سینئر رہنما ناراض ہیں، سینیٹ ٹکٹ نہ ملنے پر حافظ حسین، مولانا شیرانی پارٹی مخالف بیانات دے رہے ہیں۔واضح رہے کہ گزشتہ روز اسلامی نظریاتی کونسل کے سابق چیئرمین اور جمعیت علما اسلام کے سینئر رہنما مولانا محمد خان شیرانی نے مولانا فضل الرحمان کو سلیکٹڈ قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ مولانا فضل الرحمان سے ہمیشہ جھوٹ بولنے کے معاملے پر اختلاف رہا اور آئندہ بھی رہے گا کیونکہ وہ جھوٹ بولنے کے ماہر ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں