بھارتی فوج کو کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا، جنرل باجوہ
راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ بھارتی فوج کو کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا،بھارتی فوج کی جانب سے سیز فائر کی خلاف ورزیاں خصوصاً اقوام متحدہ کی گاڑی کو نشانہ بنانے کے واقعہ خطے کے امن و استحکام کے لئے خطرہ ہے،پاک فوج ایل او سی کے ساتھ رہنے والے بے گناہ سویلین شہریوں کے تحفظ کے لئے اقدامات کرے گی اور مادر وطن کی عزت و وقار اور علاقائی سالمیت کا ہر قیمت پر دفاع کرے گی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے منگل کو لائن آف کنٹرول (ایل او سی)کے ساتھ اگلے مورچوں کا دورہ کیا جہاں آرمی چیف کوتازہ ترین سیکورٹی صورتحال اور بھارتی فوج کی جانب سے سیز فائر کی خلاف ورزیوں پر بریفنگ دی گئی،کور کمانڈر راولپنڈی لیفٹیننٹ جنرل اظہر عباس نے آرمی چیف کا استقبال کیا، آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کو بتایا گیا کہ ہندوستانی فوج جان بوجھ کر سیز فائر کی خلاف ورزیاں کرتے ہوئے ایل او سی کے ساتھ رہنے والے شہریوں کو نشانہ بنا رہی ہے اور حالیہ دنوں میں بھارتی فوج نے اقوام متحدہ کی گاڑی کو نشانہ بنا کر بین الاقوامی اصولوں اور عالمی کنونشنز کی خلاف ورزی کی، آرمی چیف نے مسلح افواج کی آپریشنل تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اگلے محاذوں پر تعینات پاک فوج کے افسران اور جوانوں کے جذبے اور تیاریوں کو سراہا، آرمی چیف نے کہا کہ بھارتی فوج کی جانب سے سیز فائر کی خلاف ورزیاں خصوصا اقوام متحدہ کی گاڑی کو نشانہ بنانے کے واقعہ خطے کے امن و استحکام کے لئے خطرہ ہے، آرمی چیف نے واضح کیا کہ بھارتی فوج کی کسی بھی جارحیت کو منہ توڑ جواب دیا جائے گا، پاک فوج ایل او سی کے ساتھ رہنے والے بے گناہ شہریوں کے تحفظ کے لئے اقدامات کرے گی اور مادر وطن کی عزت و وقار اور علاقائی سالمیت کا ہر قیمت پر دفاع کرے گی۔


