2020 ایک مشکل سال رہا جس نے ہمیں بہت کچھ سکھایا: رونت رائے

رونت رائے رواں برس 3 کامیاب ویب شوز کرنے کے بعد اس وقت ایک نئے ویب شو کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس سال ہم نے بہت کچھ سیکھا ہے، اب میں ہر گزرتے دن کے ساتھ سکون کررہا ہوں اور کام کرتے ہوئے ہرگزرتے دن سے سبق لے رہا ہوں۔
بھارتی اداکار نے 2020 سے متعلق انکشاف کیا کہ رواں برس کی شروعات میں انہوں نے بیٹی سے ملنے نیویارک جانے کا فیصلہ کیا تھا جس کے بعد نیویارک سے گوا چھٹیاں منانے اور پھر جاپانی ثقافت سے لطف اندوز ہونے کی بھی منصوبہ بندی تھی۔

رونت رائے کے مطابق لیکن فروری کے وسط میں اپنے تمام منصوبوں کو منسوخ کرنا پڑا کیونکہ بہت سے ممالک سے کورونا وائرس کی موجودگی کی اطلاعات آرہی تھی لہٰذا جانتا تھا کہ سفر ممکن نہیں ہوگا۔
بھارتی اداکار نے کہا کہ شکر ہے 5 ماہ بعد لاک ڈاؤن ختم ہوا اور میرے لیے اہل خانہ کے ساتھ دبئی میں تین ماہ وقت گزارنا ممکن ہوا جو کہ ایک خوش آئند تبدیلی ہے۔
انہوں نے کہا کہ 2020 ایک مشکل سال رہا اور اس دوران مجھےاپنے تمام عزیزوں کا خیال رکھنا پڑا اور خوش قسمتی سے میں یہ کرنے میں کامیاب رہا، اگرچہ اب معمولات زندگی دوبارہ شروع ہوگئے ہیں تاہم کورونا کے نئی لہر اب بھی جاری ہے۔
واضح رہے کہ اس سال وائرل ہونے والی بہت سی ویڈیوز میں رونت رائے کی ماسک ویڈیو بھی شامل ہے جو لاک ڈاؤن کے دوران وائرل ہوئی اور 20 ملین ویوز حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔
ویڈیو کے پیچھے چھپے خیال کی وضاحت کرتے ہوئے رونت رائے کا کہنا تھا کہ لاک ڈاؤن کے دوران جب ہم سب گھر میں بیٹھنے کے باعث جھنجھلاہٹ کا شکار تھے اور سوئی دھاگے، کپڑے کے ٹکڑوں اور پلاسٹک بینڈ سے ماسک بنانے کے طریقے کار تلاش کررہے تھے تب میں نے محسوس کیا کہ گھر میں ٹی شرٹ تو ہر ایک کے پاس ہوتی ہے لہٰذا اس سے ماسک تیار کرنا ایک اچھا خیال ثابت ہوگا جو ہر ایک کے لیے مددگار رہے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں