افغانستان، جھڑپ میں 7عسکریت پسند ہلاک

کابل:افغانستان میں ایک جھڑپ کے دوران 7عسکریت پسند مارے گئے اور مقامی طالبان کمانڈر سمیت ایک درجن سے زائد زخمی ہوگئے جبکہ افغان حکومت نے ملک میں تنازعات کے حل کیلئے طالبان کے ساتھ براہ راست مذاکرات کیلئے21رکنی ٹیم تشکیل دیدی۔جمعہ کو فوج کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ مغربی صوبہ بادغیس کے بالا مرغاب ضلع میں ایک جھڑپ کے نتیجے میں 7جنگجوں کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ جھڑپ اس وقت شروع ہوئی جب طالبان جنگجوں کے ایک گروپ نے جمعرات کی شب بالامرغاب ضلع میں سکیورٹی چیک پوسٹوں پر حملہ کردیا تاہم سکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں جنگجو 7 لاشیں چھوڑ کر فرار ہونے پر مجبور ہوگئے۔فائرنگ کے تبادلے میں طالبان کے ایک مقامی کمانڈر ملا ہجرت سمیت درجن بھر سے زائد جنگجو زخمی ہوئے ہیں۔بیان میں یہ واضح نہیں کیا گیا کہ آیا سکیورٹی اہلکاروں کو بھی کوئی نقصان پہنچا ہے۔طالبان جنگجوں نے رپورٹ پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں