ڈینیئل پرل قتل کیس، امریکا کاماسٹر مائنڈ پر مقدمہ چلانے کااعلان
واشنگٹن:امریکا نے کہا ہے کہ وہ ڈینیئل پرل قتل کیس کے ماسٹر مائنڈ احمد عمر سعید شیخ کے خلاف اپنے یہاں مقدمہ چلانے کے لیے تیار ہے۔ سندھ ہائیکوررٹ نے حال ہی میں انہیں بری کرنے کا حکم دیا تھا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی اٹارنی جنرل جیفری روزن نے کہا کہ واشنگٹن حکومت امریکی صحافی ڈینیئل پرل کے اغوا اور قتل کے معاملے میں قصوروار قرار دیے گئے احمد عمر سعید شیخ کے خلاف اپنے یہاں مقدمہ چلانے کے لیے تیار ہے۔ عمر شیخ کو ایک پاکستانی عدالت نے حال ہی میں رہا کرنے کا حکم دیا تھا۔امریکی اٹارنی جنرل جیفری روزن نے ایک بیان میں کہاکہ ہم اس طرح کے عدالتی فیصلے کے خلاف اپیل کرنے کے پاکستانی حکومت کے اقدامات پر شکر گزار ہیں تا کہ احمد عمر سعید شیخ اور مقدمے میں ملوث ان کے ساتھیوں کو جواب دہ ٹھہرانا یقینی بنایا جا سکے۔ لیکن اگر عمر شیخ کو قصوروار قرار دینے کی کوشش کامیاب نہیں ہوتی ہے تو امریکا عمر شیخ کو اپنی تحویل میں لینے اور ان پر اپنے یہاں مقدمہ چلانے کے لیے تیار ہے۔امریکی اٹارنی جنرل کا مزید کہنا تھاکہ ہم ڈینیئل پرل کے اغوا اور قتل میں ان لوگوں کو انصاف سے بچ نکلنے کی اجازت نہیں دے سکتے۔