اپنے بچے کو سوشل میڈیا سے دور رکھیں گے‘انوشکا شرما ‘ویرات کوہلی
نئی دلی :بھارت کی مشہور جوڑی اداکارہ انوشکا شرما اور کرکٹر ویرات کوہلی کے ہاں آئندہ ماہ جنوری میں پہلے بچے کی پیدائش متوقع ہے۔انوشکا اور ویرات اپنے بچے کو ہر ایک کی عزت اور احترام سکھانے کی خواہش مند ہیں۔
ووگ میگزین سے گفتگو کرتے ہوئے انوشکا شرما کا کہنا تھا کہ یہ وہ تعلیم ہے جو مجھے اپنے والدین سے ملی اور اب یہی تعلیم میں اپنے بچے کو دینے کی خواہش مند ہوں ۔
انہوں نے کہا کہ میں اور ویرات کوہلی اپنے بچے کو بدتمیز نہیں بنانا چاہتے اس لیے بچے کو سوشل میڈیا سے دور رکھیں گے، ہم نے اس بارے میں بہت سوچا اور ہم یقینی طور پر اپنے بچے کو عوام کی نگاہوں سے بڑھتا نہیں دیکھنا چاہتے لہٰذا ہم اپنے بچے کوسوشل میڈیا میں شامل نہیں ہونے دیں گے۔
اداکارہ نے کہا کہ محبت ہمارے گھر کا بنیادی عنصر ہے اور ہمارے لیے یہ اہم ہے کہ ہمارا بچہ بھی دوسروں کا احترام کرے۔انوشکا کا کہنا تھا کہ میں ویرات کے ساتھ اپنے بچے کی پرورش کی منتظر ہوں اور ہم اولاد کو ماں باپ کی ذمہ داری کے بجائے خاندان کی اکائی کے طور پر لیتے ہیں اس لیے ہمارے لیے ضروری ہے کہ ہمارے بچے کی پرورش متوازن نقطہ نظر سے کی جائے۔