جبری لاپتہ افراد میں سے 3 ہزار 800 کا سراغ لگا لیا، انکوائری کمیشن کا دعویٰ
اسلام آباد:جبری گمشدگیوں کے حوالے سے انکوائری کمیشن کا کہنا ہے کہ ملک میں جبری طور پر لاپتا کیے جانے والے افراد میں سے 3 ہزار 796 کا سراغ لگایا جاچکا ہے۔انکوائری کمیشن کے حالیہ اعداد و شمار کے مطابق ملک میں لاپتا افراد سے متعلق اب تک 6 ہزار 921 کیسز سامنے آچکے ہیں جن میں سے 2 ہزار 184 افراد واپس اپنے گھروں کو لوٹ گئے، 857 افراد کو نظر بند کردیا گیا جبکہ 535 کو جیلوں میں قید کردیا گیا۔جبری طور پر لاپتہ کیے گئے ان افراد میں سے 220 کی لاشیں برآمد ہوئیں جبکہ 3 ہزار 796 افراد کا سراغ لگا لیا گیا۔صوبوں کے حوالے سے بات کی جائے تو جبری لاپتا ہونے کے سب سے زیادہ واقعات خیبر پختونخوا میں پیش آئے جہاں 2 ہزار 942 افراد لاپتا ہوئے، جن میں سے 59 کی بعد ازاں لاشیں برآمد ہوئیں جبکہ ایک ہزار 335 کا سراغ لگا لیا گیا۔صوبہ سندھ جبری گمشدگیوں کے حوالے سے دوسرے نمبر پر رہا جہاں ایک ہزار 643 افراد لاپتا ہوئے جن میں سے 55 مردہ حالت میں پائے گئے۔