شاہ لطیف یونیورسٹی، خاتون پروفیسر کا ڈپارٹمنٹ چیئرمین پر دست درازی کا الزام

خیرپور :سندھ کے شہر خیرپور میں واقع شاہ عبداللطیف یونیورسٹی کی خاتون پروفیسر سائرہ چانڈیو نے الزام لگایا ہے کہ انگلش ڈیپارٹمنٹ کے چیئرمین ذوالفقار شاہ نے ان کے گھر پر حملہ کر کے ان کے ساتھ دست درازی کی۔مائیکرو بیالوجی کی خاتون پروفیسر نے ایک ویڈیو بیان میں الزامات لگاتے ہوئے کہا ہے کہ انگلش ڈیپارٹمنٹ کے چیئرمین ذوالفقار شاہ نے انہیں دھکے دیئے اور غیر اخلاقی زبان کا استعمال کیا۔انہوں نے وائس چانسلر اور اساتذہ تنظیموں سے اپیل کی ہے کہ پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار شاہ کے خلاف انکوائری کر کے انہیں انصاف فراہم کیا جائے۔دوسری جانب پروفیسر ذوالفقار شاہ نے کہا کہ الزامات بے بنیاد ہیں، ان کا خاتون پروفیسر سے کوئی جھگڑا نہیں ہے تاہم ان کے بھائی پروفیسر فیاض چانڈیو سے ایک معاملے پر تنازع ہے۔شاہ عبد اللطیف یونیورسٹی کے ترجمان تاج لاشاری نے بھی پریس ریلیز کے ذریعے خاتون پروفیسر کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ خاتون پروفیسر کے بھائی کے ساتھ ذوالفقار شاہ کا یونیورسٹی کی رہائشی کالونی میں معمولی سا تنازع ہے۔شاہ عبد اللطیف یونیورسٹی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ وائس چانسلر ڈاکٹر خلیل احمد نے واقعے کا نوٹس لے کر فریقین کے درمیان صلح کیلئے 5 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں