بیرون ممالک سے فارغ التحصیل ڈاکٹروں کا پی ایم سی کے باہر احتجاج
اسلام آباد میں پاکستان میڈیکل کمیشن (پی ایم سی)کے باہر بیرون ملک سے تعلیم یافتہ میڈیکل گریجویٹس کے احتجاج کے دوران پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے واٹرکینن کا استعمال کیا۔
پولیس کی جانب سے واٹرکینن کے استعمال پر مظاہرین نے بھی پولیس پر پتھراؤکیا، اس دوران پولیس نے احتجاج کرنے والے 2 ڈاکٹرز کو گرفتار کرلیا۔
ڈاکٹروں کے احتجاج کے باعث سری نگر ہائی وے پر ٹریفک کو مکمل طور پر بندکردیا گیا، مظاہرین کےاحتجاج کےباعث ٹریفک جام ہوگیا اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔
مظاہرین کاکہنا ہےکہ کرغزستان سمیت کئی ممالک کی یونیورسٹیز کو بلیک لسٹ کرنا سمجھ سے باہر ہے،تمام یونیورسٹیز عالمی ادارہ صحت(ڈبلیو ایچ او) سے تصدیق شدہ ہیں ، اس کے باوجود پی ایم سی نے انہیں بلیک لسٹ کردیا۔
فارن میڈیکل گریجویٹس کےمطابق ستمبر 2020 کے بعدگریجویٹ ہونے والے ڈاکٹرز کو تسلیم نہیں کیا جارہا، پی ایم سی کے اقدام سے بیرون ملک میڈیکل تعلیم حاصل کرنے والوں کا مستقبل داؤ پر لگ جائےگا،جب ملک سے باہر گئے تو ہمیں پی ایم ڈی سی کے رولز کے مطابق بھیجا گیا تھا۔
بعدازاں پاکستان میڈیکل کمیشن نے فارن میڈیکل گریجویٹس کو مذاکرات کے لیے بلالیا ہے اور مظاہرین سے مذاکرات جاری ہیں۔


