شہباز شریف عدالتی روسٹرم پر چنیوٹ مائنز میں کرپشن کے ثبوت لے آئے
چنیوٹ مائنز کا ٹھیکہ مشرف کے ایک رشتے دار کو دیا گیا میں نے کرپشن پر منسوخ کردیا، 4 ارب ڈالر نیب نے نہیں اس ناچیز نے قوم کے بچائے، شہباز شریف
مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کا کہنا ہے کہ انہوں نے قوم کے خزانے کی ایمانداری سے حفاظت کی، چنیوٹ مائنز عوام کا خزانہ ہے، کسی کو فراڈ نہیں کرنے دیا جائے گا، نیب نے 13 سال بعد ریفرنس دائر کیا یہ پیسے نیب نے نہیں بچائے، اللہ تعالیٰ کی مدد سے میری ٹیم نے بچائے۔
لاہور کی احتساب عدالت میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے خلاف منی لانڈرنگ ریفرنس کی سماعت ہوئی۔
خواجہ آصف اور جج کےکس مکالمے پر عدالت میں قہقہے لگے ؟
شہباز شریف نے روسٹرم پر آ کر کہا کہ وہ چنیوٹ مائنز کیس میں عدالت میں کچھ شواہد دینا چاہتے ہیں اور چنیوٹ مائنز میں کرپشن کے سارے ثبوت لے کر آئے ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ 2007 میں چنیوٹ مائنز کا ٹھیکہ پاکستانی نژاد کمپنی کو دیا گیا جس میں بڑی کرپشن ہوئی، ٹھیکہ جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کے ایک رشتے دار کو دیا گیا جو انہوں نے 2008 میں کرپشن کی بنا پر منسوخ کر دیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ کمپنی کیس کو عدالت لے کر گئی جہاں ہمارے حق میں فیصلہ ہوا۔ اُس وقت کرپشن پر نیب نے نہیں بلکہ اِس ناچیز نے پہرہ دیا، 4 ارب امریکی ڈالر نیب نے نہیں شہباز شریف نے قوم کے بچائے۔
اس موقع پر فاضل جج نے شہبازشریف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ یہ کیس ان کے پاس نہیں، یہ باتیں نہ کریں آپ کی باتیں سن لی ہیں اور آپ جو کہنا چاہتے تھے وہ ٹارگٹ پورا ہوگیا۔
شہبازشریف نے کہا کہ انہیں عوام کے سامنے شواہد بیان کرنے ہیں۔
بعد ازاں عدالت نے شہباز شریف اور حمزہ کیخلاف منی لانڈرنگ کیس میں نیب کے گواہ ابراہیم کا بیان قلمبند کر کے سماعت 12 جنوری تک ملتوی کر دی۔
سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو میں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ چنیوٹ والے معاملے پر دباؤ ہے۔


