سندھ نے کورونا سے نمٹنے کے بہت اچھے اقدامات کیے، فواد چوہدری

اسلام آباد:وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فوادچوہدری نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ کو مبارک باد دیتا ہوں، صوبہ سندھ نے کوروناوائرس سے نمٹنے کے بہت اچھے اقدامات کیے ہیں،کچھ صوبائی حکومتوں نے فعال کردار ادا کیا کچھ نے نہیں، سندھ حکومت سب سے زیادہ فعال رہی ہے ایک انٹرویومیں عالمی وبا کورونا وائرس اور ملک کی صورتحال سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ کچھ صوبائی حکومتوں نے فعال کردار ادا کیا کچھ نے نہیں، سندھ حکومت سب سے زیادہ فعال رہی ہے۔فوادچوہدری نے کہا کہ لاک ڈاؤن کرنے میں اشیا خوردونوش کی فراہمی سمیت تین، چارمسائل ہیں، کرفیو لگایا تو جب تین چار گھنٹے بعد اٹھائیں گے لوگوں کی لائنیں لگ جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کی کارکردگی پر ان ہی سے پوچھیں، وفاقی حکومت کی کئی معاملات میں جتنی اچھی کمیونیکیشن ہونی چاہئے تھی وہ نہیں ہوئی۔فوادچوہدری نے کہا کہ تفتان معاملے میں بھی وفاقی حکومت نے اچھی کمیونیکیشن نہیں کی، تفتان میں زائرین کو روکنا بلوچستان حکومت کا کام تھا۔ انہوں نے کہا کہ قومی رابطہ کمیٹی کا اجلاس روزانہ ہونا چاہیے، ایمرجنسی میں سیاسی جماعتوں سے رابطے کرنا وقت ضائع کرنا ہے۔فوواد چوہدری نے کہا کہ جو علما حق کی بات کرتے ہیں وہ نعمت ہیں، رجعت پسند علما معاشرے کی تباہی کرتے ہیں، اللّٰہ کا عذاب رجعت پسند مذہبی طبقے کی جہالت ہے، کورونا کے پھیلاؤمیں بڑا حصہ مذہبی اجتماعات کا ہے۔ فواد چوہد ی نے جنگ اور جیو کے ایڈیٹر انچیف سے متعلق بات کرتے ہوئے کہاکہ میرشکیل الرحمن کی گرفتاری سے متعلق عدالت فیصلہ کرے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں