یمنی فوج نے حوثی باغیوں کا حملہ پسپا کر دیا،29جنگجوہلاک
صنعاء:یمن کی مغربی ساحل پرتعینات مشترکہ افواج نے ایرانی حمایت یافتہ حوثی باغیوں کا ایک بڑا حملہ پسپا کرکے دشمن کو بھاری جانی اور مالی نقصان سے دوچار کیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق جنوبی الحدیدہ کے الدریھمی ڈاریکٹوریٹ پر حوثی ملیشیا نے ایک بڑا حملہ کیا تاہم یمن کی مسلحافواج نے حوثی باغیوں کا حملہ ناکام بنا دیا۔ذرائع کا کہنا تھا کہ حوثی ملیشیا کی طرف سے کیے گئے حملے میں ناکامی ساتھ اسے بھاری جانی نقصان اٹھانا پڑا ہے۔ یمنی فوج کے حملے میں 29 باغی ہلاک اور دسیوں زخمی ہوگئے۔جائنٹ فورسز کے شعبہ اطلاعات و نشریات کی طرف سے الدریھمی ڈاریکٹوریٹ میں ہونے والی لڑائی کی ایک ویڈیو بھی جاری کی جس میں باغیوں کو پسپا ہوتے دیکھا جاسکتا ہے۔خیال رہے کہ الحدیدہ گورنری کے علاقوں میں حالیہ عرصے کے دوران حوثی باغیوں کے حملوں میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ یہ حملے الحدیدہ میں جنگ بندی سے متعلق طے پائے اقوام متحدہ کے اسٹاک ہوم جنگ بندی معاہدے کی کھلی خلاف وزی ہیں۔


