پیپلز پارٹی کا الیکشن کمیشن سے عمران خان کے بیان کا نوٹس لینےکا مطالبہ

اسلام آبا د:پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کے فارن فنڈنگ کیس جیتنے سے متعلق بیان پر سخت ردعمل سامنے آیا ہے۔

پیپلزپارٹی کی جانب سے الیکشن کمیشن سے وزیراعظم عمران خان کے بیان کا نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے رہنما پاکستان پیپلز پارٹی نیربخاری نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کا بیان الیکشن کمیشن اور اسکروٹنی کمیٹی کو متنازعہ بنانے کی کوشش ہے، وزیراعظم عمران خان کا کیس جیتنے کا دعویٰ اسکروٹنی کمیٹی پر اثر انداز ہونے کے مترادف ہے۔

نیر بخاری نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے کیس جیتنےکا دعویٰ کر کے اسکروٹنی کمیٹی کے کردار پرسوالیہ نشان اٹھا دیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ابھی توکیس کی تحقیقات جاری ہیں، عمران خان نے جیت کا دعویٰ کن بنیادوں پر کیا؟ تحقیقات مکمل ہونے سے قبل ہی جیت کے دعویٰ پر شدید تحفظات اورخدشات ہیں۔

نیربخاری کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن وزیراعظم عمران خان کے بیان کے بعد اپنی پوزیشن واضح کرے۔واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ اپوزیشن نے جو گڑھا کسی کے لیے کھودا تھا وہ اس میں خود گر گئی۔

پارٹی رہنماؤں اور ترجمانوں کے اجلاس سے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ فارن فنڈنگ کیس میں تحریک انصاف کا دامن صاف ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ فارن فنڈنگ کیس سے اپوزیشن کو کچھ بھی حاصل نہیں ہوگا کیونکہ اس معاملے میں چھپانے کو کچھ بھی نہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں