گمشدہ افراد افغانستان میں ،بل فوج دشمن نے پیش کیا،محسن داوڑ کسی اور ملک میں ہوتا تو اسے کب کا ختم کیا جاچکا ہوتا،تحریک انصاف

اسلام آباد(انتخاب نیوز) قومی اسمبلی کی طرف سے جبری گمشدیوں سے متعلق بل مسترد کردیا گیا۔ پشتون تحفظ موومنٹ اور بلوچستان نیشنل پارٹی مینگل کی طرف سے پیش کیے جانے والے اس بل میں تجویز کیا گیا تھا کہ جو افراد جبری گمشدگی میں ملوث ہوں، انہیں عمر قید کی سزا دی جائے اور ان پر جرمانہ بھی عائد کیا جائے۔ حکومت نے پہلے اسے امن وامان کا مسئلہ قرار دیا اور موقف اختیار کیا کہ یہ صوبائی معاملہ ہے اور بعدازاں بل کو یکسر مسترد کر دیا گیا۔پختونخواہ ملی عوامی پارٹی کے رہنما سینیٹر عثمان کاکڑ کا کہنا ہے، ” پی ٹی آئی تو حکومت میں ہے لیکن پی پی پی، ن لیگ اور پی ڈی ایم کی تمام جماعتوں کو تو اس بل کی موثر حمایت کرنی چاہیے تھی۔“انہوں نے اس حکومتی دعوے کو مسترد کیا کہ یہ صوبائی معاملہ ہے،”یہ بنیادی انسانی حقوق کا معاملہ ہے۔ یہ آئین میں دیے گئے حقوق کا معاملہ ہے۔ حکومت اس اہم مسئلے کو ایسے نہیں ٹال سکتی۔ جب تک اس میں ملوث لوگوں کو سزائیں نہیں ملیں گی، یہ مسئلہ حل نہیں ہو گا۔پاکستان تحریک انصاف کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ بل فوج کے خلاف سازش تھی، جسے مسترد کیا گیا۔ پی ٹی آئی کے رہنما اور ایم این اے محمد اقبال خان کہتے ہیں، ”محسن داوڑ نے یہ بل پیش کیا تھا، جو ایک فوج دشمن آدمی ہے اور ملکی سلامتی کے اداروں کے خلاف بولتا ہے۔ اگر وہ کسی اور ملک میں ہوتا تو اسے وہاں کی حکومت کب کا ختم کر چکی ہوتی۔ وہ شکر کرے کہ وہ پاکستان میں ہے اور میں مشکور ہوں کہ حکومت اور اداروں نے اسے کچھ نہیں کہا حالانکہ اس نے کئی بار جلسوں اور جلوسوں میں ملکی اداروں کے خلاف زہر اگلا۔ یہ بل پیش کر کے وہ فوج کو بدنام کرنا چاہتا تھا۔ اس لیے اس بل کو مسترد کیا گیا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ بل کی کوئی ضرورت نہیں، ”گمشدہ افراد کا جو شور مچایا جا رہا ہے، اس کی حقیقت یہ ہے کہ بہت سے لوگ افغانستان یا دوسرے ممالک میں بھاگ گئے ہیں۔ اگر کسی کے کسی بندے کے ساتھ کوئی زیادتی ہوئی ہے، تو اس کے لیے فورمز موجود ہیں۔ وہ فوج کے سیکڑ کمانڈر یا سویلین اداروں سے رابطہ کر کے وہاں فارم بھر کر پوری اطلاعات دے سکتا ہے اور اگر کوئی شخص جرم میں ملوث ہوا تو اس کا بتا دیا جائے گا کہ وہ کس پولیس یا قانون نافذ کرنے والے ادارے کے پاس ہے۔ اس کے لیے مزید کسی بل کی ضرورت نہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں