چین نے پاکستان کو نصف ملین کورونا ویکسین خوارکیں عطیہ کر دیں
بیجنگ :کورونا وائرس کی چینی ویکسین سے لدا ایک فوجی طیارہ آج بروز پیر پاکستان پہنچ گیا۔ اس میں چینی ادویات ساز کمپنی سینو فارم کی تیار کردہ کورونا ویکسین کے نصف ملین ڈوزز موجود ہیں جو چین نے پاکستان کو عطیہ کیے ہیں۔
بیجنگ سے اسلام آباد یہ فوجی طیارہ ایک ایسے وقت کورونا ویکسین کی خوراکیں لے کر پہنچا ہے جب پاکستان میں تین ماہ کی بندش کے بعد تعلیمی مراکز کھول دیے گئے ہیں نیزچین کی طرف سے پاکستان کو کورونا ویکیسن کی فراہمی ایک ایسے وقت میں ہوئی ہے جب پاکستان میں کورونا متاثرین کی تعداد اور اس کے سبب پیدا ہونے والی بیماری کووڈ انیس کی وجہ سے اموات کی شرح میں واضح کمی واقع ہوئی ہے۔
پیر یکم فروری سے ہوم لرننگ کرنے والے لاکھوں بچوں کے لیے اسکول بھی دوبارہ کھول دیے گئے ہیں۔ اسلام آباد میں ہیلتھ کے شعبے کے ایک اعلیٰ عہدیدار فیصل سلطان نے بتایا کہ اسی ہفتے سے پاکستان میں کورونا ویکسینیشن کی قومی مہم کا آغاز ہو جائے گا۔
بہت سے دیگر ممالک کی طرح پاکستان میں بھی ویکسین سب سے پہلے ہیلتھ ورکرز کو لگے گی۔ اطلاعات کے مابق چار لاکھ ہیلتھ ورکرز نے ویکسینیشن کے لیے اپنے ناموں کا اندراج کروا دیا ہے۔
پاکستان کے دیرینہ دوست اور اتحادی ملک چین نے اعلان کیا تھا کہ وہ اپنے ہاں تیار ہونے والی ویکسین کا پہلا ‘بیچ‘ پاکستان کو عطیہ کر رہا ہے۔ قبل ازیں پاکستانی حکام نے گزشتہ ہفتے کے دن اعلان کیا تھا کے اُس نے آسٹرا زینیکا نامی کمپنی کی 17 ملین ڈوزز کی ڈیل کو بھی حتمی شکل دے دی ہے۔
پاکستان کے منصوبہ بندی کے وزیر اسد عمر کے بقول ‘ انٹر نیشنل ویکسین شیئرنگ الائنس‘ کوویکس نے پاکستان کو آسٹرازینیکا ویکسین کی فراہمی کا یقین دلاتے ہوئے کہا ہے کہ فروری میں اس کی ترسیل ہو جائے گی۔
پاکستان میں ویکسینیشن مہم کا آغاز ایک ایسے وقت پر ہو رہا ہے، جب کووڈ انیس سے ہونے والی اموات میں ایک مستحکم کمی واقع ہوئی ہے۔ گزشتہ روز یعنی اتوار کو کووڈ سے جُڑی وجوہات کے سبب صرف 24 اموات کی اطلاع ہے جب کے اس سے ایک روز قبل یعنی ہفتے کے روز قریب تین درجن افراد کووڈ انیس کے سبب لقمہ اجل بنے تھے۔ یہ گزشتہ ہفتے کی کم ترین تعداد تھی۔
چینی ادویات ساز کمپنی کی تیار کردہ اس ویکسین کا تیسرا دور گزشتہ برس نومبر میں ہی عمل میں آیا تھا۔پاکستان کا شمار کورونا وائرس سے دنیا کے 15 سب سے زیادہ متاثرہ ممالک میں ہوتا ہے۔ پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد نصف ملین سے زیادہ ہو چکی ہے جبکہ اس کے سبب گیارہ ہزار اموات ہوئی ہیں۔
پیر یکم فروری سے پاکستان کے تعلیمی ادارے یعنی اسکول، کالج اور یونیورسٹیاں دوبارہ کھول دیے گئے ہیں اور تین ماہ کی بندش کے بعد لاکھوں طالب علم دوبارہ اپنے اپنے تعلیمی مراکز کی طرف لوٹ رہے ہیں۔


