ٹیلی کام کمپنیاں صارفین کو کیا سہولیات فراہم کر رہے ہیں
نئے نوول کورونا وائرس سے ہونے والی بیماری کووڈ 19 کے نتیجے میں لاک ڈائون سے پاکستان میں کروڑوں افراد گھروں تک محدود ہوچکے ہیں۔اس موقع پر ملک میں کام کرنے والی ٹیلی کام کمپنیوں نے مختلف اقدامات کیے ہیں تاکہ ان سروسز کے صارفین کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ ہو بلکہ سہولت فراہم کی جاسکے۔ان کمپنیوں کے کچھ ایسی ہی سہولیات کے بارے میں جانیں جو اس مشکل وقت میں موبائل فون صارفین کو فراہم کی جارہی ہیں۔
ٹیلی نار
اس کمپنی کی جانب سے صوبوں میں لاک ڈائون کے باعث گھروں میں تک محدود افراد کے لیے اپنے پیاروں سے رابطے کے لیے مفت واٹس ایپ کی سہولت فراہم کی جارہی ہے۔اس کے لیے *247# ڈائل کرنا ہوگا جس کے بعد 2 جی بی واٹس ایپ ایک ماہ کے لیے مفت دستیاب ہوجائے گا، جس کے دوران میسجز کے ساتھ آڈیو اور ویڈیو کالز کی سہولت بھی دستیاب ہوگی۔
زونگ
اس ٹیلی کام کمپنی کی جانب سے صارفین کو روزانہ زونگ سے زونگ 20 منٹ مفت دیئے جارہے ہیں۔
اس مقصد کے لیے *45# ڈائل کرنا ہوگا اور کمپنی کے مطابق موجودہ حالات میں ہم سمجھتے ہیں کہ لوگ اپنے پیاروں سے رابطے میں رہنا چاہتے ہیں اور اس پیشکشش سے صارفین کو سہولت مل سکے گی۔
یوفون
اس کمپنی کی جانب سے بھی مفت واٹس ایپ کی سہولت فراہم کی جارہی ہے تاکہ لوگ اپنے پیاروں سے رابطے میں رہ سکیں۔
اس مقصد کے لیے *987# ڈائل کرکے آفر کو سبسکرائب کرکے مفت واٹس ایپ استعمال کریں جس میں ویڈیو اور وائس کالز بھی شامل ہیں۔
مفت ایمرجنسی کالز
تمام کمپنیوں کی جانب سے ہیلپ لائن نمبر 1166 پر مفت کال کی سہولت فراہم کی جارہی ہے۔جاز کی جانب سے ایک سروس بھی متعارف کرائی گئی جس کے تحت منتخب حکومتی دفاتر، ڈاکٹر اور لیبارٹریز کو مفت کالز کی جاسکتی ہے، زونگ صارفین 4343 پر کال کرکے مقامی حکومتی ہسپتالوں اور ڈاکٹروں تک رسائی حاصل کرسکتے ہہیں جبکہ یوفون کی جانب سے ہلال احمر پاکستان کی ہیلپ لائن 1030 کو مفت کیا گیا ہے۔جاز کی جانب سے عارضی طور پر مخصوص وقت کے اندر بیلنس ڈلوانے کی پابندی کو بھی ختم کردیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ ملک بھر میں لاک ڈاؤن کے باوجود نئے کورونا کیسز کا سلسلہ تھم نہیں سکا اور ملک کے مختلف حصوں میں مزید متاثرہ افراد سامنے آنے سے مجموعی تعداد 1559 ہوگئی ہے۔
پنجاب اور سندھ میں مریضوں کی تعداد 5۔ پانچ سو سے زائد ہوگئی ہے، پنجاب میں 570، سندھ میں 502 جبکہ کے پی میں 188، بلوچستان میں 138، گلگت بلتستان میں 116، اسلام آباد میں 43 اور آزاد کشمیر میں 2 کیسز کی تصدیق ہوئی ہے۔