لاپتا شہریوں کو فوری بازیاب کیا جائے، سندھ ہائیکورٹ

سندھ ہائیکورٹ نے تین سگے بھائیوں سمیت 8 لاپتا افرادکی بازیابی کے کیس میں محکمہ داخلہ سندھ، انسپکٹر جنرل (آئی جی) پولیس سندھ اور ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) رینجرز کو نوٹس جاری کردیے۔سندھ ہائیکورٹ میں تینوں سگے بھائیوں سمیت 8 لاپتا افرادکی بازیابی سے متعلق درخواستوں کی سماعت ہوئی۔عدالت نے محکمہ داخلہ سندھ، آئی جی سندھ، ڈی جی رینجرز اور دیگر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے فریقین سے 24 فروری کو جواب طلب کرلیا۔عدالت نے لاپتا شہریوں کی فوری بازیابی کا بھی حکم دیا اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت دی کہ لاپتا شہریوں کی بازیابی کیلئے مارڈرن ڈیوائسز استعمال کی جائیں۔عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ لاپتا ہونے والے شہری کسی جرم میں مطلوب تھے تو بھی فوری طور پر عدالتوں میں پیش کیے جائیں۔درخواست گزاروں کے مطابق تین بھائی وقاص ایوب، عباس ایوب اور طاہر ایوب کو پاکستان بازار اورنگی ٹاؤن سے حراست میں لینے کے بعد لاپتا کردیا گیا ہے جبکہ سلیم، عنایت اور چاند 26 جنوری سے ملیر سٹی کے علاقے سے لاپتا ہیں اور مکیش کمار، علی بشیر 17 جنوری سے لاپتا ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں