کسانوں کے معاملے پر سنیل شیٹی کو مودی سرکار کی حمایت بھاری پڑگئی

بھارت میں متنازع زرعی قوانین کے خلاف کسان گزشتہ چند ماہ سے سراپا احتجاج ہیں اور دنیا بھر میں انسانی حقوق کے رہنما و نامور شخصیات کسانوں کے حق میں آوازیں اٹھا رہے ہیں وہی بالی وڈ کے کئی اسٹار حکومتی بیانیے کی حمایت میں سامنے آگئے ہیں۔

حال ہی میں بالی وڈ اداکار سنیل شیٹی نے مقبول شخصیات کی طرف سے کسانوں کے احتجاج سے اظہار یکجہتی کے بعد بھارتی وزارت خارجہ کا سخت بیان اپنے ٹوئٹر پر شیئر کیا۔

حکومت کے حق میں ٹوئٹ کرتے ہوئے سنیل شیٹی نے کہا کہ ہمیں ہمیشہ چیزوں پر ایک جامع نظریہ اپنانا چاہیے کیونکہ آدھے سچ سے زیادہ خطرناک کوئی اور چیز نہیں ہے۔

سنیل شیٹی کی ٹوئٹ پر ان کی توقع کے خلاف نتیجہ آیا اور اداکار کو سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے ٹرول کیا جانے لگا حتیٰ کہ بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سنیل شیٹی کو وضاحت بھی دینا پڑی۔
سنیل شیٹی کا کہنا تھا کہ میں کسانوں کی حمایت کر رہا ہوں، میں حکومت کی حمایت کر رہا ہوں اور بھارت کی حمایت کر رہا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت سے باہر تمام مشہور شخصیات جو ہم پر تنقید کررہی ہیں کہ ہمارے ملک میں کیا ہورہا ہے اس بارے میں میرا بیان اس غلط تصویر پیش کرنے پر بالکل واضح تھا۔

سنیل شیٹی کا کہنا تھا کہ میں خود کسان ہوں ، میرے باپ دادا کسان تھے اور ہمیں ہمیشہ ان کا احترام کرنا چاہیے کیونکہ کسان ہماری ریڑھ کی ہڈی ہیں اور یہ سب سے اہم چیز ہے ، میرا بیان بہت واضح ہے۔

اداکار نے کہا کہ میرا بیان ان تمام مشہور شخصیات کے لیے ہے جو اس بارے میں بہت کچھ جانے بغیر ہمارے ملک میں کیا ہو رہا ہے اس پر تبصرہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں