جرمن پولیس اہلکار جاپانی تلوار کے حملے میں زخمی
جرمن حکام کا کہنا ہے کہ ایک شخص نے تلوار سے حملہ کر کے ایک جرمن پولیس اہلکار کو زخمی کر دیا۔ پولیس نے حفاظتی کارروائی کرتے ہوئے حملہ آور کے پیر پر گولی مار کر اسے گرفتار کرلیا۔
جرمن حکام نے جمعرات چار فروری کو بتایا کہ شہر وائل ام شونباخ میں ایک شخص نے جاپانی تلوار سے ایک پولیس افسر پر حملہ کر دیا جس میں وہ زخمی ہوگئے۔ حکام کا کہنا ہے کہ حملے میں پولیس اہلکار کے کان زخمی ہوگئے۔
اکتیس سالہ حملہ آور نے جب تلوار سے حملہ کیا تو وہاں موجود پولیس افسر کے ایک ساتھی نے مشتبہ شخص کے پیر میں گولی مار کر زخمی کر دیا اور پھر پولیس دونوں افراد کو ہسپتال لے گئی۔ اطلاعات کے مطابق دونوں ہی کے زخم شدید ہیں تاہم دونوں کی زندگی کے لیے کوئی خطرہ نہیں ہیں۔
یہ واقعہ ریاست بادین وورتمبرگ کا ہے اور مذکورہ شہر اشٹٹ گارٹ سے 23 کلو میٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔ پولیس کو وہاں ایک رہائشی عمارت میں ہنگامہ ہونے کے بعد فون کیا گیا تھا
جب پولیس وہاں پہنچی تو اسے وہاں پر موجود پانچ افراد کا سامنا کرنا پڑا۔ انہیں میں سے ایک شخص نے جاپانی ساخت کی تلوار اپنے ہاتھ میں اٹھا رکھی تھی جس سے اس نے پولیس پر وار کر دیا۔ اس حملے کے بعد حکام نے ثبوت و شواہد جمع کرنے کے مقصد سے اس مکان کا محاصرہ کر لیا۔
کارروائی کے بعد حکام نے مزید تفتیش کے سلسلے میں جاپانی ساخت کی اس تلوار کو بھی اپنے قبضے میں لے لیا۔ مزید پوچھ گچھ کا سلسلہ جاری ہے۔
اکتیس سالہ حملہ آور کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے تاہم باقاعدہ گرفتاری کے بعد عدالت نے انہیں ضمانت پر رہا کر دیا ہے۔


