کیماڑی میں گیس سے ہلاکتیں، جہاز سے گیس کے اخراج کی تصدیق ہوگئی

کراچی: کیماڑی میں زہریلی گیس کے اخراج سے ہونے والی ہلاکتوں کے معاملے پر رپورٹ میں جہاز سے گیس خارج ہونے کی تصدیق ہوگئی۔

سندھ ہائی کورٹ میں کیماڑی میں گیس سے شہریوں کی اموات سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی جس میں سندھ انوائرمینٹل پروٹیکشن ایجنسی اور پلانٹ پروٹیکشن نے اپنی رپورٹ پیش کی۔

انوائرمینٹل پروٹیکشن ایجنسی اور پلانٹ پروٹیکشن کی رپورٹ میں سویابین اور کوئلے سے بھر ے جہاز سے گیس کے اخراج کی تصدیق کی گئی ہے۔

سیپا کی رپورٹ میں بتایا گیا ہےکہ جہازکی ان لوڈنگ کے وقت ایس او پی فالو نہیں کیے گئے جس کی وجہ سے کے پی ٹی اور متصل علاقوں میں آلودہ ماحول پایا گیا۔

رپورٹ کے مطابق ریلوے کالونی،کلفٹن، سی ویو اور دیگر علاقوں سے فضا کے نمونے لیے جس میں آب و ہوا مضر صحت قرار دی گئی جب کہ آب و ہوا میں کاربن مونو آکسائیڈ، ہائیڈروجن سلفائیڈ اور دیگر ذرات زیادہ مقدار میں پائے گئے۔

رپورٹ میں آئل ٹرمینل پر بھی ماحول کو انسانی صحت کے لیے انتہائی مضر قرار دیا گیا ہے۔عدالت نے ایس ایس پی انویسٹی گیشن کو سیپارپورٹ کی روشنی میں تفصیلات پیش کرنے کا حکم دیا ہے اور مزید سماعت 16 مارچ تک ملتوی کردی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں