پی ڈی ایم کا لانگ مارچ سے قبل کارکنوں کا خون گرمانے کیلئے جلسوں اور ریلیوں کا اعلان

اسلام آباد :حکومت مخالف اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے لانگ مارچ سے پہلے جلسوں اور ریلیوں کا اعلان کر دیا۔پی ڈی ایم نے لانگ مارچ سے قبل 4 جلسوں اور ریلیوں کا اعلان کیا ہے، ان ریلیوں اور جلسوں سے پی ڈی ایم کی مرکزی قیادت بھی خطاب کرے گی۔پی ڈی ایم کا اگلا پاور شو 13 فروری کو سیالکوٹ میں شیڈول کیا گیا ہے، خواجہ آصف کے حلقے میں نکالی جانے والی ریلی کی میزبان مسلم لیگ ن ہو گی۔

16 فروری کو بلوچستان کے علاقے پشین میں ریلی نکالی جاے گی جبکہ 23 فروری کو سرگودھا اور 27 فروری کو خضدار میں پی ڈی ایم میدان سجائے گی۔مارچ میں لانگ مارچ سے قبل بھی مختلف شہروں میں تیاریوں کے لیے ریلیوں اور کنونشنز کا انعقاد ہو گا۔

خیال رہے کہ پی ڈی ایم نے 26 مارچ کو اسلام آباد میں لانگ مارچ کا اعلان کر رکھا ہے اور اس حوالے سے پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ ہم اسلام آباد میں ایک دن کے احتجاج کے لیے نہیں آرہے بلکہ وہاں بیٹھ کر سلیکٹڈ حکومت کے خلاف احتجاج کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں