الیکشن کمیشن نے یوسف رضا گیلانی کا ووٹ ٹرانسفر کرنے کی درخواست منظور کرلی

اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے یوسف رضا گیلانی کا ووٹ ٹرانسفر کرنے کی درخواست منظور کرلی۔ سابق وزیراعظم کا ووٹ اسلام آباد کے سیکٹر ایف 8 کے پتہ پر درج کرلیا گیا۔پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما و سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اب اسلام آباد سے سینیٹ الیکشن لڑنے کے اہل ہوگئے۔ پی پی رہنما نے ایک دن پہلے ووٹ ٹرانسفر کرنے کی درخواست کی تھی۔ادھر الیکشن کمیشن نے سینیٹ انتخابات کے شیڈول میں رد و بدل کر دیا۔ کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے وقت میں دو دن کا اضافہ کر دیا گیا۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی تاریخ 15 فروری تک بڑھا دی گئی ہے، نامزد امیدواروں کی فہرست 16 فروری کو جاری ہوگی، کاغذات کی جانچ پڑتال 17 تا 18 فروری کو ہوگی، کاغذات پر اپیلیں 20 فروری تک دائر ہوسکیں گی، 23 فروری تک تمام اپیلوں کو نمٹا دیا جائیگا جبکہ 24 فروری کو امیدواروں کی حتمی فہرست جاری ہوگی، 25 فروری تک امیدوار کاغذات نامزدگی واپس لے سکیں گے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ پولنگ 3 مارچ کو ہی ہوگی، امیدواروں سہولیت کیلئے شیڈول میں تبدیلی کی گئی ہے۔یاد رہے پیپلزپارٹی سمیت سیاسی جماعتوں اور امیدواروں کی جانب سے قانونی تقاضوں اور کاغذات نامزدگی کے لوازمات پورا کرنے کے لیے کاغذات نامزدگی کا وقت بڑھانے کی درخواست کی گئی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں