”را“ سے تعلق کے الزام میں 12 دہشتگرد گرفتار، گولہ بارود، حساس مقامات کی تصاویر اور وڈیوز برآمد کرلیں، سی ٹی ڈی پنجاب
لاہور (ویب ڈیسک) کاﺅنٹر ٹیرر ازم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) پنجاب نے لاہور، فیصل آباد اور بہاولپور سے بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ سے تعلق کے الزام میں 12 دہشتگردوں کو گرفتار کرلیا۔ سی ٹی ڈی پنجاب کے مطابق گرفتار دہشتگردوں سے اسلحہ، بارودی مواد اور ڈیٹونیٹرز برآمد ہوئے، را کے دہشتگردوں سے حساس مقامات اور حساس اداروں کی تصاویر اور ویڈیو بھی برآمد ہوئیں۔ ترجمان سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ دہشتگردوں سے ایک مدرسے اور ایک میلے کی تصویریں، ویڈیو اور لوکیشن بھی برآمد ہوئی۔ سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق لاہور سے دہشتگرد سکھ دیپ سنگھ، عظمت، فیضان، نبیل، ابرار، عثمان اور سرفراز کو گرفتار کیا گیا جبکہ فیصل آباد سے دہشتگرد دانش اور بہاولپور سے گرفتار دہشتگردوں میں رجب، ہاشم، ثاقب اور عارف شامل ہیں۔ ترجمان کاﺅنٹر ٹیرر ازم ڈپارٹمنٹ پنجاب نے بتایا کہ عادل نام کی بھارت سے آپریٹ فیس بک آئی ڈی کی مدد سے دہشتگردوں کو گرفتار کیا گیا، دہشتگرد سکھ دیپ سنگھ پیدائشی کرسچن تھا جس نے کچھ عرصہ قبل اپنا مذہب تبدیل کیا تھا۔ ترجمان نے بتایا کہ دہشتگردوں کو بھارتی ایجنسی را سے بھاری فنڈنگ بھی کی جاتی تھی، دہشتگردوں کے خلاف مقدمات درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔


