اورماڑہ میں مبارک قاضی کے نام سے منسوب ادبی پروگرام پر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے پابندی قابل مذمت ہے، نیشنل پارٹی
تربت (بیورو رپورٹ) نیشنل پارٹی کے مرکزی ترجمان نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ اورماڑہ میں بلوچی زبان کے نامور شاعر مبارک قاضی کی یاد میں منعقد ہونے والے ادبی پروگرام کے لیے جاری کردہ این او سی (NOC) کی منسوخی انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت عمل ہے۔ ترجمان نے کہا کہ مبارک قاضی کی یوم پیدائش کے موقع پر 24 دسمبر کو اورماڑہ میں منعقد ہونے والا ادبی پروگرام ضلعی انتظامیہ نے بلاجواز منسوخ کیا، جبکہ پروگرام کی تشہیر کے لیے لگائے گئے بینرز، پوسٹرز اور پینا فلیکسز کو بھی زبردستی ہٹا دیا گیا۔ یہ عمل ادب دشمنی اور آمرانہ سوچ کی عکاسی کرتا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ مبارک قاضی جیسے عظیم شاعر کے نام سے منسوب ادبی پروگرام پر پابندی کسی صورت قبول نہیں۔ اس طرح کے اقدامات سے معاشرے میں انتہاپسندی، نفرت اور مایوسی میں اضافہ ہوگا۔ ترجمان نے مزید کہا کہ گوادر کی ضلعی انتظامیہ کے ادب مخالف اقدامات سے معاشرے میں بے چینی اور انتشار بڑھے گی، جو کسی بھی جمہوری اور پرامن معاشرے کے لیے نقصان دہ ہے۔ نیشنل پارٹی مقامی انتظامیہ کے اس غیر جمہوری اور غیر آئینی اقدام کے خلاف بھرپور احتجاج کرے گی۔ ترجمان نے حکومت بلوچستان سے مطالبہ کیا کہ وہ ادبی اور علمی پروگراموں کی راہ میں رکاوٹیں ڈالنے سے اجتناب کرے تاکہ معاشرے میں مثبت، تعمیری اور فکری سرگرمیوں کو فروغ مل سکے۔


