مولانا ہدایت الرحمن عوامی عدالت میں پیش ہوکر اپنی دو سالہ کارکردگی پیش کریں گے، چیئرمین حق دو تحریک
گوادر (نمائندہ انتخاب) ایم پی اے مولانا ہدایت الرحمٰن بلوچ 12 فروری کو ملا فاضل چوک پر عوامی عدالت میں پیش ہوکر اپنی دوسالہ کارکردگی پیش کریں گے۔ چیئرمین اکرم فدا بلوچ کی پریس کانفرنس ۔ حق دو تحریک بلوچستان کے ضلعی چیئرمین اکرم فدا، خواتین رہنماءماسی زینی، جنرل سیکرٹری بابر شہزاد ،میر داد شاہ کلانچی اور دیگر رہنماﺅں نے حق دو تحریک کے مرکزی دفتر گوادر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ حق دو تحریک بلوچستان اس پریس کانفرنس کے ذریعے عوام، میڈیا اور تمام باشعور طبقات کو ایک اہم، تاریخی اور غیر معمولی فیصلے سے آگاہ کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی اسمبلی بلوچستان میں حق دو تحریک کے ایم پی اے مولانا ہدایت الرحمٰن بلوچ کی کامیابی کو اب دو سال مکمل ہو چکے ہیں۔ اس موقع پر حق دو تحریک نے ایک جرآت مندانہ، اصولی اور عوام دوست فیصلہ کیا ہے کہ اپنے منتخب ایم پی اے کو عوامی عدالت میں پیش کیا جائے، تاکہ عوام خود ان کی کارکردگی، جدوجہد اور وعدوں کا جائزہ لے سکیں اور ان کا احتساب کر سکیں۔ رہنماو¿ں نے کہا کہ یہ بات فخر کے ساتھ کہی جا سکتی ہے کہ بلوچستان کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ کوئی سیاسی جماعت یا عوامی تحریک اپنے منتخب نمائندے کو خود عوام کے سامنے پیش کر رہی ہے تاکہ اس کے بارے میں فیصلہ ایوانوں میں نہیں بلکہ عوامی عدالت میں ہو۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدام اس بات کا عملی ثبوت ہے کہ حق دو تحریک محض ایک سیاسی جماعت نہیں بلکہ ایک خالص عوامی تحریک ہے، جہاں عوام کی رائے، عوام کا فیصلہ اور عوام کی رضامندی کو سب سے زیادہ اہمیت حاصل ہے۔ پریس کانفرنس میں کہا گیا کہ بدقسمتی سے ماضی میں جتنے بھی امیدوار عوام کے ووٹ سے منتخب ہو کر اسمبلی پہنچے، نہ انہوں نے خود کو عوام کے سامنے جوابدہ سمجھا اور نہ ہی ان کی جماعتوں نے اپنے نمائندوں کو عوامی احتساب کے لیے پیش کرنے کی جرآت کی۔ تاہم حق دو تحریک آج بھی اپنے اس بنیادی عوامی وعدے پر قائم ہے کہ اس تحریک میں صرف اور صرف عوام کی مرضی چلے گی۔ اسی اصولی موقف کے تحت اعلان کیا گیا کہ 12 فروری بروز جمعرات شام 3 بجے، ملا فاضل چوک گوادر میں ایک عظیم الشان عوامی جلسے کی صورت میں اپنے امیدوار مولانا ہدایت الرحمٰن بلوچ کو عوام کے سامنے پیش کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ اس عوامی اجتماع میں مولانا ہدایت الرحمٰن بلوچ اپنی دو سالہ کارکردگی، صوبائی اسمبلی میں جدوجہد، عوامی مسائل پر اپنے مو¿قف اور آئندہ کے لائحہ عمل سے عوام کو آگاہ کریں گے، جبکہ عوام کو یہ مکمل جمہوری حق حاصل ہوگا کہ وہ سوال کریں، اپنی رائے دیں اور خود فیصلہ کریں۔


