صومالی لینڈ کی خود مختاری کیخلاف اقدامات مسترد، نام نہاد انتظامیہ سے روابط سے گریز کیا جائے، اسحاق ڈار

اسلام آباد (ویب ڈیسک) پاکستان کے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے جدہ میں سعودی عرب کے نائب وزیرخارجہ ولید بن عبد الکریم الخریجی سے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری بڑھانے اور او آئی سی کے دائرہ کار میں قریبی تعاون کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے جدہ میں اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس میں شرکت کی اور رکن ممالک کے دیگر نمائندگان کے ہمراہ صومالی لینڈ کے معاملے پر تبادلہ خیال کیا۔ اجلاس میں عالمی مسلم تنظیم نے افریقی خطے اور فلسطین میں اسرائیل کی فوجی جارحیت پر قراردادیں منظور کیں۔ اس حوالے سے پاکستان کے دفتر خارجہ کے ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی نے کہا ہے کہ اسرائیلی اقدامات دہشت گردی کے خلاف عالمی کوششوں کو نقصان پہنچاتے ہیں۔ ایک جاری بیان میں ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے صومالی عوام اور سیکیورٹی فورسز کی جانب سے دہشت گردی کے خلاف دی جانے والی قربانیوں کو سراہا ہے۔ پاکستان نے صومالیہ کے استحکام اور سیکیورٹی کے لیے مسلسل حمایت کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ اسحاق ڈار نے او آئی سی کی اس اپیل کی حمایت کی کہ صومالی لینڈ کی نام نہاد انتظامیہ سے روابط سے گریز کیا جائے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار نے او آئی سی اور عالمی برادری سے صومالیہ کی خودمختاری کے خلاف اقدامات مسترد کرنے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام صومالیہ کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔ نائب وزیراعظم نے فلسطینیوں کی جبری بے دخلی سے متعلق کسی بھی منصوبے کو مسترد کرتے ہوئے فلسطینی عوام کے حق خود ارادیت کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔ ترجمان کے مطابق پاکستان نے آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کو مشرق وسطیٰ میں امن کی واحد ضمانت قرار دیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم نے غزہ جنگ کے خاتمے اور مستقل جنگ بندی کے لیے پاکستان کے کردار کا اعادہ کیا اور کہا کہ پاکستان سلامتی کونسل میں فلسطینی کاز کے لیے عالمی حمایت متحرک رکھنے کے عزم پر قائم ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں

Logged in as Bk Bk. Edit your profile. Log out? ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے