صوبے بھر میں قائم غیر لائسنس یافتہ اور غیر معیاری چائلڈ نرسریوں کے خلاف کریک ڈاون کا فیصلہ کر لیا، بخت کاکڑ
کوئٹہ(این این آئی)حکومتِ بلوچستان نے صوبے بھر میں قائم غیر لائسنس یافتہ اور غیر معیاری چائلڈ نرسریوں کے خلاف سخت کریک ڈاو¿ن کا فیصلہ کر لیا ہے اس فیصلے کا مقصد بچوں کے تحفظ کو یقینی بنانا اور والدین کے اعتماد کا ہر صورت میں تحفظ کرنا ہے صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نے کوئٹہ میں قائم ایک چائلڈ نرسری میں بچے کی تبدیلی کے سنگین اور افسوسناک واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے اعلیٰ سطحی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے انہوں نے کہا کہ اس حساس معاملے کی شفاف اور غیر جانبدار تحقیقات کے لیے کیس بلوچستان ہیلتھ کیئر کمیشن کے سپرد کر دیا گیا ہے صوبائی وزیر صحت کے مطابق بچے کی شناخت اور تمام حقائق سامنے لانے کے لیے ڈی این اے ٹیسٹ کے ذریعے جانچ کا بھی حکم دیا گیا ہے تاکہ متاثرہ خاندان کو انصاف فراہم کیا جا سکے اور کسی قسم کا ابہام باقی نہ رہے بخت محمد کاکڑ نے واضح کیا کہ غیر رجسٹرڈ اور غیر معیاری چائلڈ نرسریوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے گا انہوں نے کہا کہ بچوں کے تحفظ سے متعلق کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور والدین کے اعتماد کو ٹھیس پہنچانے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی ہوگی صوبائی وزیر صحت نے ہدایت کی کہ صوبے بھر میں قائم تمام چائلڈ نرسریوں کی جامع جانچ پڑتال کی جائے اور لائسنسنگ کے عمل کو تیز کیا جائے تاکہ صرف وہی ادارے کام کر سکیں جو مقررہ معیار اور قوانین پر پورا اترتے ہوں انہوں نے خبردار کیا کہ قوانین کی خلاف ورزی کے مرتکب نرسری مالکان کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور اس ضمن میں کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔


