مسائل کا حل زیادہ صوبوں میں ہے، بلوچستان میں بھی تین وزیراعلیٰ لگ جائیں تو کیا حرج ہے، عبدالعلیم خان
گوجرانوالہ (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر مواصلات و استحکام پاکستان پارٹی کے صدر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ مسائل کا حل زیادہ صوبوں میں ہے، نئے صوبے سب کے فائدے کیلئے ہیں۔ گوجرانولا میں میڈیا سے گفتگو میں علیم خان کا کہنا تھا ملک میں زیادہ صوبے بنانے کی تحریک شروع کرنی ہے جو ملک کے خیر خواہ نہیں ہم نے ان کو منہ توڑ جواب دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہاں ایک ہی ہائیکورٹ ہے جہاں لوگ دور دور سے آتے ہیں، ہم جنوبی پنجاب، شمالی پنجاب اور سینٹرل پنجاب کے حق میں ہیں۔ ان کا کہنا تھاکہ ہم صوبوں کا نام تبدیل نہیں کرنا چاہتے بلوچستان کو بلوچستان ہی رکھنا چاہتے ہیں، اگر آپ کے پاس سندھ میں حکومت ہے تو ایک کے بجائے تین وزیراعلیٰ بنا لیں، بلوچستان میں بھی تین وزیراعلیٰ لگ جائیں تو کیا حرج ہے۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ مسائل کا حل زیادہ صوبوں میں ہے، نئے صوبے سب کے فائدے کیلئے ہیں، ہمیں لوگوں کے مسائل حل کرنے پڑیں گے، تمام سیاسی جماعتیں دل بڑا کریں۔


