اسرائیل کا صومالی لینڈ کو تسلم کرنا انتہائی خطرناک ہے، فلسطین میں جنگ بندی معاہدے پر عمل کرے، او آئی سی
جدہ (مانیٹرنگ ڈیسک) او آئی سی کے سیکرٹری جنرل حسین برہم طہٰ نے صومالی لینڈ کو تسلیم کرنے کے اسرائیلی فیصلے کو خطرناک نظیر قرار دیتے ہوئے کہا، یہ بین الاقوامی قانون کی صریح خلاف ورزی ہے۔ او آئی سی کے سیکرٹری جنرل نے فلسطین میں جاری بحران کے بارے میں بھی بات کی اور فلسطینی سرزمین سے اسرائیلی فوج کے مکمل انخلاءاور مخالفانہ کارروائیوں کے فوری خاتمے کا مطالبہ کیا۔ او آئی سی نے کہا وزارتِ خارجہ کونسل نے دو قراردادیں منظور کر کے اپنا 22 واں غیر معمولی اجلاس ختم کیا جن میں سے پہلی وفاقی جمہوریہ صومالیہ میں ہونے والی پیش رفت پر اور دوسری فلسطینی عوام کے خلاف اسرائیل کی مسلسل جارحیت اور ان کی سرزمین کے الحاق اور جبری نقلِ مکانی کے منصوبے پر ہے۔ پاکستان نے جمعرات کو او آئی سی اور کئی دیگر مسلم ریاستوں کے ہمراہ اسرائیلی وزیرِ خارجہ گیڈون سار کے چھے جنوری کو صومالی لینڈ کے دورے کی مذمت کی اور اسے افریقی ملک کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی قرار دیا۔


