آل پارٹیز کیچ کا شاہ نواز بلوچ کی تا حال عدم بازیابی پر افسوس کا اظہار
تربت (نمائندہ انتخاب) آل پارٹیز کیچ کا اہم اجلاس، مغوی شاہ نواز گل جان کی بازیابی کیلئے احتجاج کو ڈویژنل سطح پر وسعت دینے کافیصلہ، آل پارٹیز کیچ کا ایک اہم اجلاس کنوینر نواب شمبے زئی کی صدارت میں منعقد ہوا، جس میں فورم میں شامل تمام اسٹیک ہولڈرز بشمول متاثرہ خاندانوں کے نمائندوں نے شرکت کی، اجلاس میں اغواء برائے تاوان کے خلاف جاری احتجاجی مہم کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، اجلاس کے شرکاء نے مغوی حسیب یاسین کی بازیابی کو خوش آئند قرار دیا، تاہم شاہ نواز بلوچ کی تاحال عدم بازیابی پر شدید افسوس اور برہمی کا اظہار کیاگیا،اجلاس نے شاہ نواز بلوچ کی عدم بازیابی کو متعلقہ اداروں کی غیر سنجیدگی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس طرزِ عمل سے عوام میں عدم اعتماد بڑھ رہا ہے، باہمی مشاورت کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ آل پارٹیز کیچ اپنی احتجاجی مہم کو ضلعی سطح سے وسعت دے کر ڈویژنل سطح تک پھیلائے گی، اس فیصلے کے تحت پنجگور اور گوادر کے دورے کیے جائیں گے، جہاں احتجاجی سرگرمیوں کے ذریعے اس سنگین مسئلے کو ڈویژنل سطح پر اٹھایا جائے گا، اجلاس میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ شاہ نواز بلوچ کی بحفاظت بازیابی تک آل پارٹیز کیچ کسی صورت خاموش نہیں بیٹھے گی،اجلاس نے اداروں کو ایک بار پھر تنبیہ کی کہ وہ سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی آئینی اور قانونی ذمہ داریاں پوری کریں اور اغواء کے واقعات کے تدارک کے لیے مؤثر اقدامات اٹھائیں۔


