ایران میں غیر یقینی صورتحال، گوادر سے متصل بارڈرسے 134 پاکستانی واپس پہنچ گئے
گوادر (آن لائن) ایران میں کشیدہ صورتحال: پاک ایران سرحد پر غیر معمولی حالات، 134 پاکستانی وطن واپس پہنچ گئے تفصیلات کے مطابق ایران میں موجودہ کشیدہ صورتحال کے باعث پاک ایران سرحد پر غیر معمولی حالات پیدا ہو گئے ہیں، جس کے نتیجے میں سرحدی علاقوں میں سیکیورٹی سخت جبکہ تجارتی اور سفری سرگرمیاں مکمل طور پر معطل کر دی گئی ہیں۔ایف آئی اے ذرائع کے مطابق گوادر سے متصل بارڈر پلر نمبر 250 کے ذریعے گزشتہ دو روز کے دوران مجموعی طور پر 134 پاکستانی شہری وطن واپس پہنچے ہیں۔ واپس آنے والوں میں 88 طلبہ بھی شامل ہیں جو ایران میں تعلیمی سرگرمیوں کے سلسلے میں مقیم تھے۔ذرائع کے مطابق ایران میں غیر یقینی صورتحال کے پیش نظر پاک ایران سرحد پر عام آمد و رفت بند ہے، تاہم صرف پاکستانی شہریوں کی مرحلہ وار اور نگرانی میں واپسی کا عمل جاری رکھا گیا ہے۔ ایف آئی اے اور متعلقہ ادارے ایرانی علاقوں میں موجود پاکستانی شہریوں کے منظم انخلا کو یقینی بنا رہے ہیں۔سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ ایران میں حالات کشیدہ ہونے کے باعث سرحدی علاقوں میں حفاظتی اقدامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔ بارڈر بند ہونے کے باوجود انسانی ہمدردی کی بنیاد پر پاکستانی شہریوں کی واپسی کو ترجیح دی جا رہی ہے۔ذرائع کے مطابق ایران میں حالات میں بہتری آنے تک پاک ایران سرحد پر تجارتی اور سفری نظام کی بحالی کا امکان نہیں، جبکہ وطن واپس آنے والے شہریوں کی اسکریننگ اور دستاویزی کارروائی مکمل کرنے کے بعد انہیں متعلقہ اضلاع کی جانب روانہ کیا جا رہا ہے۔


