ریکوڈک مائننگ کمپنی کے تحت چاغی کے 53 طلبہ میں مکمل مالی معاونت کیساتھ اسکالر شپس کی فراہمی
کوئٹہ (اسٹاف رپورٹر) ریکوڈک مائننگ کمپنی (آر ڈی ایم سی) نے آر ڈی ایم سی کے کمیونٹی ڈویلپمنٹ کمیٹیوں (سی ڈی سیز) کے اشتراک سے نوکنڈی میں ایک باوقار اسکالرشپ ایوارڈ تقریب کا انعقاد کیا جس میں تعلیمی میدان میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے اسٹوڈنٹس کی حوصلہ افزائی کی گئی۔ اس موقع پر ضلع چاغی کے 53 باصلاحیت اسٹوڈنٹس، جن میں 19 طالبات بھی شامل ہیں نے شرکت کی۔ ان اسٹوڈنٹس کو آر ڈی ایم سی کی جانب سے مکمل طور پر مالی معاونت پر مشتمل اسکالرشپس دیئے گئے تاکہ وہ انسٹیٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن (آئی بی اے) سکھر میں چھ ماہ کی فاو¿نڈیشن کورس کے بعد پاکستان بھر کی مختلف جامعات میں داخلہ لے سکیں۔ اس اہم موقع پر اسٹوڈنٹس کے والدین اور کمیونٹی کے لوگ بھی موجود تھے جنہوں نے اس کامیابی کو بھرپور انداز میں سراہا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آر ڈی ایم سی کے ہیڈ آف سسٹین ایبلٹی ایشلے پرائس نے لوگوں کی فلاح و بہبود کو ترقی کا محور بنانے کے متعلق کمپنی اور سی ڈی سیز کے عزائم کا اعادہ کیا اور کہا "پائیداری دراصل لوگوں میں سرمایہ کاری کا نام ہے۔ تعلیم مضبوط اور خودمختار کمیونٹیز کی بنیاد رکھتی ہے، اور یہاں موجود ہر طالب علم نے اپنی محنت اور لگن سے یہ موقع حاصل کیا ہے۔ ان کی کامیابی ان خاندانوں اور کمیونٹیز کی حمایت کی عکاسی کرتی ہے جو اعلیٰ تعلیم کو قابلِ حصول سمجھتی ہیں۔” نوکنڈی، ہمئے اور فین سیڈیمنٹس سے تعلق رکھنے والی کمیونٹی ڈویلپمنٹ کمیٹیوں کے اراکین نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔ انہوں نے کمیونٹی کی ترقی کے لیے آر ڈی ایم سی کے مسلسل کوششوں کو سراہا اور مقامی کمیونٹیز کے طویل المدتی مفاد کے لیے کمپنی کے ساتھ باہمی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ اس موقع پر اسکالرشپ حاصل کرنے والے اسٹوڈنٹس کو اسناد بھی دی گئیں، جو اب ایک ایسے پروگرام کا آغاز کریں گے جس کا مقصد ان کی تعلیمی صلاحیتوں کو بہتر بنانا، اعتماد میں اضافہ کرنا اور انہیں پاکستان بھر کی جامعات میں داخلے کے لیے تیار کرنا ہے۔ آر ڈی ایم سی کے جنرل منیجر رائن مچل نے طلبہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا "آپ کی کامیابی صرف ذاتی نہیں بلکہ یہ آپ کی کمیونٹیز اور پورے علاقے کی کامیابی ثابت ہوگی۔ اس موقع کے ساتھ یہ ذمہ داری بھی جڑی ہے کہ آپ اپنی کمیونٹی کی بہتری کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کریں۔” انہوں نے مقامی ضروریات کے مطابق آر ڈی ایم سی کے کمیونٹی منصوبوں کو ہم آہنگ کرنے میں سی ڈی سی اراکین کی قیادت کو بھی سراہا۔ آر ڈی ایم سی جامع اور پائیدار ترقی کو اپنی ترجیحات میں رکھتا ہے جس کی بنیاد تعلیم پر ہے۔ یہ اسکالرشپ پروگرام ان متعدد اقدامات میں سے ایک ہے جو مقامی سی ڈی سیز کے اشتراک سے جاری ہیں، جن میں ابتدائی تعلیم کی معاونت سے لے کر بلوچستان کے ان مستحق طلبہ کے لیے اسکالرشپس تک شامل ہیں جو پہلے ہی اعلیٰ تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔


