لورالائی ٹریفک حادثے میں دو سگے بھائی، چمن میں کرنٹ لگنے سے ایک شخص جاں بحق
لورالائی، چمن (یو این اے) لورالائی کے علاقے میختر میں سیہنڑ پل کے قریب سانڈہ موڑ پر تیز رفتار کار اور موٹر سائیکل کے درمیان تصادم کے نتیجے میں مزدوری سے واپس گھر لوٹنے والے دو بھائی موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔ ریسکیو ٹیموں نے لاشیں ٹیچنگ اسپتال منتقل کیں جہاں پوسٹ مارٹم کے بعد ورثا کے حوالے کر دی گئیں۔ پولیس نے کار کو تحویل میں لے لیا اور ڈرائیور سے پوچھ گچھ جاری ہے۔ دوسرے واقعے میں چمن میں ایف سی قلعہ کے قریب ایک شخص بجلی کے ہائی ٹینشن کھمبے پر چڑھنے کے دوران کرنٹ لگنے سے موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔ اطلاع ملتے ہی بائی پاس پولیس کی ٹیم حکام کی سربراہی میں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچی۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق بجلی کی سپلائی منقطع کرنے کے بعد لاش کو احتیاط سے نیچے اتار کر سول اسپتال چمن منتقل کیا گیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق واقعہ ممکنہ طور پر خودکشی ہوسکتی ہے۔


