بشریٰ بی بی کی بیٹی نے والدہ سے ملاقات کی اجازت کیلئے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی
لاہور (ویب ڈیسک) بشریٰ بی بی کی بیٹی نے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کرتے ہوئے اڈیالہ جیل میں اپنی والدہ سے ملاقات کی اجازت دینے کی درخواست کی۔ بشریٰ کی بیٹی مبشرہ خاور مانیکا نے آئین کے آرٹیکل 199 کے تحت لاہور ہائیکورٹ بار کے صدر آصف نسوانہ کے ذریعے درخواست دائر کی۔ درخواست میں پنجاب حکومت، سیکرٹری داخلہ، صوبائی انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات اور اڈیالہ جیل کے سپرنٹنڈنٹ کو بطور مدعا علیہ نامزد کیا گیا۔ درخواست گزار کے مطابق حقیقی بیٹی ہونے کے ناطے بشریٰ بی بی کی جسمانی، جذباتی اور نفسیاتی صحت کے بارے میں بہت فکر مند ہوں، پاکستانی جیل قوانین کے مطابق آئین کے تحت قیدیوں کو خاندان سے ملنے کا حق حاصل ہے، خاص طور پر خون کے قریبی رشتہ داروں کو۔ درخواست میں کہا گیا کہ انہوں نے اپنی والدہ سے ملنے کے لیے بار بار درخواستیں کیں لیکن انہیں رسائی سے انکار کردیا گیا۔ درخواست میں استدعا کی گئی کہ لاہور ہائیکورٹ ہدایت جاری کرے کہ وہ درخواست گزار کو اپنی حقیقی والدہ بشریٰ عمران خان سے سینٹرل جیل اڈیالہ راولپنڈی میں کسی بھی مقررہ وزٹ دن اور مناسب وقت پر ملنے کی اجازت دے۔


