چیک پوسٹ پر مبینہ بھتہ گیری کیخلاف کوئٹہ کراچی کوچ سروس بند، ٹرانسپورٹروں کا نوٹس لینے کا مطالبہ

کوئٹہ (یو این اے) کوئٹہ سے کراچی آنے جانے والی مسافر کوچز کی سروس ٹرانسپورٹروں کے احتجاج کے باعث مکمل طور پر بند ہے۔ ٹرانسپورٹروں نے موچکو کسٹم چیک پوسٹ پر احتجاجا اپنی گاڑیاں کھڑی کر کے آمدورفت معطل کر دی۔ احتجاج کرنے والے ٹرانسپورٹروں کا کہنا ہے کہ چیک پوسٹ پر زبردستی بھتہ طلب کیا جا رہا ہے، جس سے نہ صرف ٹرانسپورٹرز بلکہ عام مسافروں کو بھی شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ ٹرانسپورٹر فدا محمد نے الزام عائد کیا کہ آئے روز غیر قانونی رقوم کا تقاضا کیا جاتا ہے، جسے کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ جب تک ان کے جائز مطالبات تسلیم نہیں کیے جاتے، احتجاج جاری رہے گا اور مسافر کوچز کی سروس بحال نہیں کی جائے گی۔ آل بلوچستان ٹرانسپورٹرز ایکشن کمیٹی کے صدر حبیب اللہ خان بادیزئی، سیکرٹری جنرل میر اکبر لہڑی اور دیگر عہدیداروں نے احتجاج کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ موچکو کسٹم چیک پوسٹ پر مبینہ بھتہ گیری کا فوری نوٹس لیا جائے، ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی جائے اور ٹرانسپورٹروں کو بلا خوف و خطر کام کرنے کا ماحول فراہم کیا جائے۔رہنماں نے خبردار کیا کہ اگر حکام نے فوری اقدامات نہ کیے تو احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا، جس کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ اداروں پر عائد ہوگی۔ انہوں نے حکومت سے اپیل کی کہ مسافر ٹرانسپورٹ کی بلا تعطل بحالی اور ٹرانسپورٹرز کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو مزید مشکلات سے بچایا جا سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں