ایئرسیال ایئرلائن نے کراچی اور کوئٹہ کے درمیان ہفتہ وار تین پروازوں کا آغاز کر دیا
کوئٹہ (آن لائن) پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے زیر انتظام کوئٹہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ نے کراچی اور کوئٹہ کے درمیان ایئرسیال ایئرلائن کی پروازوں کے آغاز کی کامیاب سہولت فراہم کر دی ہے، جس سے بلوچستان کے لیے فضائی رابطے میں مزید بہتری آئی ہے۔ایئرسیال اس روٹ پر ہفتہ وار تین پروازیں پیر، بدھ اور جمعہ کو آپریٹ کرے گی، جس سے کوئٹہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ استعمال کرنے والے مسافروں کو مزید سفری سہولیات میسر آئیں گی۔افتتاحی پرواز ایئرسیال 161، جو ایئربس A320 طیارے کے ذریعے آپریٹ کی گئی، 3 بجکر 15 پر کوئٹہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچی، جس میں 180 مسافر سوار تھے۔ واپسی کی پرواز 4 بجکر 32 منٹ پر کراچی کے لیے روانہ ہوئی، جس میں 199 مسافر سوار تھے۔اس موقع پر ایک افتتاحی تقریب منعقد کی گئی جس میں چیف آپریٹنگ آفیسر/ ائیرپورٹ مینیجر، ائیرپورٹ سیکیورٹی فورس کے چیف سیکیورٹی آفیسر (سی ایس او)، سی او او (اے ٹی سی)، پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے افسران، ایئرسیال کے نمائندگان، فلائٹ کریو اور دیگر اسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔ ایئرپورٹ منیجر نے پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کی اعلی انتظامیہ کی جانب سے ایئرسیال کے اس اقدام کی تعریف کی اور کوئٹہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے مزید پروازیں، بالخصوص لاہور اور اسلام آباد سے، شروع کرنے کی حوصلہ افزائی کی۔ کوئٹہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ مسافروں کے حوالے سے خاطرخواہ گنجائش اور نمایاں صلاحیت کا حامل ہے اور مستقبل میں پروازوں کے مزید اضافے کے لیے تمام متعلقہ ہوابازی کی سہولیات دستیاب ہیں۔


