حکومت طاقت کے استعمال سے گریز کرتے ہوئے گرفتار ملازمین کو رہا اور ان کے مطالبات تسلیم کرے، بلوچستان بار کونسل

کوئٹہ (ویب ڈیسک) ممبر بلوچستان بار کونسل راحب خان بلیدی ایڈووکیٹ نے اپنے ایک بیان میں گرینڈ الائنس کے پرامن احتجاج پر کریک ڈاﺅن قائدین اور کارکنان کی گرفتاری، خواتین ملازمین پر تشدد کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری ملازمین کے ساتھ حکومت کا رویہ ظالمانہ ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کی جانب سے سرکاری ملازمین کے گرینڈ الائنس کے پرامن احتجاج پر کریک ڈاﺅن، تشدد، گرفتاریوں اور طاقت کے بے دریغ استعمال قابل مذمت ہے۔ آئین کے تحت پرامن احتجاج اور آزادی اظہار تمام شہریوں کا حق ہے۔ مہنگائی، معاشی مشکلات اور کم تنخواہوں نے ملازمین کا گزر بسر نہایت مشکل بنا دیا ہے مگر حکومت انہیں ریلیف دینے کے بجائے دھونس اور طاقت کے زور پر خاموش کرانا چاہتی ہے۔ آج کے حکومتی اقدامات اور پولیس گردی ایک بار پھر اس حقیقت کو عیاں کرتی ہے ،حکومت حقوق کے مطالبے اور پرامن احتجاج سے کس قدر خوفزدہ ہے۔ احتجاج کا نام سنتے ہی حکومت نے کنٹینر لگا کر ریڈ زون کو بند کردیا ہے اور موبائل انٹرنیٹ سروس بند کر کے تمام شہریوں کی معمولات زندگی کو متاثر کیا ہے۔ اگر اپنے ہی ملازمین کے ساتھ حکومت کا ایسا سنگدلانہ رویہ ہے تو یہ سمجھنا کوئی مشکل نہیں کہ مزدور، کسان، تاجر، ٹرانسپورٹر، طلبہ، سیاسی کارکن اور عوام اس آمرانہ نظام کے تحت کیسے بدتر حالات کا سامنا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت طاقت کے استعمال سے گریز کرے تمام گرفتار ملازمین کو رہا کرے اور گرینڈ الائنس کے تمام مطالبات کو تسلیم کرے

اپنا تبصرہ بھیجیں

Logged in as Bk Bk. Edit your profile. Log out? ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے