غلط فیصلوں کی وجہ سے معیشت تباہی کا شکار ہے، پاکستان میں جمہوریت کے بغیر کوئی بھی نظام قابل قبول نہیں، محمود اچکزئی
قلعہ عبداللہ (آئی این پی) پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ و اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ ان کی جدوجہد جمہوریت کی مکمل بحالی اور مضبوطی کے لئے ہے، ملک دوراہے پر کھڑا ہے اس کو بچانے کیلئے آئین کی بحالی اولین ترجیح ہے، عمران خان کی رہائی کیلئے 8 فروری کو تمام جمہوری قوتوں کو نکلنا ہوگا، غلط فیصلوں کی وجہ سے ملک کی معیشت تباہی کا شکار ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اگزشتہ روز اسلام آباد میں قلعہ عبداللہ پریس کلب کے سنیئر صحافیوں حیات اللہ شاہین، منصور احمد اچکزئی اور حسن اچکزئی کی قیادت میں ایک وفد سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صحافیوں نے انہیں اپوزیشن لیڈر کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی، اس موقع پر ان سے ملکی سیاسی معاشی اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، محمود خان اچکزئی کا کہنا تھا کہ ان کی جدوجہد جمہوریت کی مکمل بحالی اور مضبوطی کے لئے ہیں جمہوریت پر یقین رکھنے والے تمام جماعتوں کو اس کی بحالی نکلنا ہوگا عمران خان کو ناحق پابند سلاسل رکھ کر جمہوری قوتوں کو ایک پیغام دیا گیا ہے آج بھی اگر جمہوری پارٹیاں اس عمل کیخلاف نہیں نکلتی تو یہ جمہوریت کے مستقبل کے لئے نیک شگون نہیں ہوگا اس لئے تمام جمہوری جماعتوں کو 8 فروری کو بھرپور انداز میں نکلنا ہوگا اور ان غیر جمہوری قوتوں کو پیغام دینا ہوگا کہ ملک میں جمہوریت کے بغیر کوئی بھی نظام قابل قبول نہیں ہے جمہوریت اور آئین کی بحالی میں ہی ملک کی بقا ہے ملک کو بچانے کا واحد راستہ آئین کی بحالی ہے انہوں نے کہا کہ غلط فیصلوں کی وجہ سے ملک سیاسی اور معاشی بحران کا سامنا کررہا ہے افغانستان کے ساتھ بارڈر بند کرکے کاروباری اور صنعتی شعبے سے وابستہ لوگوں کو تباہ کیا گیا، اس سے ماہانہ اربوں کا نقصان پہنچ رہا ہے انہوں نے کہا کہ آج ملک ایک دوراہے پر کھڑا ہے ملک کو ان بحرانوں سے نکالنے کا واحد راستہ یہ ہے کہ تمام ادارے اپنے آئینی حدود میں رہتے ہوئے کام کریں۔


