کوئٹہ کے مقامی عوام کی جدی پشتی زمینوں پر غیر قانونی الاٹمنٹ اور سرکاری قبضہ قابل مذمت ہے، پشتونخوامیپ

کوئٹہ( این این آئی) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی سیکرٹریٹ کے جاری کردہ پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ کوئٹہ کے مقامی عوام کی جدی پشتی زمینوں پر غیر قانونی الاٹمنٹ اور سرکاری قبضے کی پارٹی شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے اور مطالبہ کرتی ہے کہ جدی پدری زمینوں کی الاٹمنٹ ،غیر قانونی سیٹلمنٹ کو فوری منسوخ کرکے سرکاری قبضے کے ناروا عمل کو ترک کیا جائے اور عوام کی حق ملکیت وحق حاکمیت کو تسلیم کرکے انہیں حقوق دیئے جائیں ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ کوئٹہ کے علاقے نوحصار ، غبرگ میں کاکڑ بازئی قبیلے کی زمینوں پر ایک بار پھر سرکاری قبضے کو دوام دیا جارہا ہے اسی طرح سمنگلی میں کاسی قبیلے اور ہنہ اوڑک میں یاسین زئی قبیلے کی زمینوں پر سرکاری قبضے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے جس کی پارٹی اپنے عوام کی تائید وحمایت کے ساتھ کسی کو بھی اجازت نہیں دے گی اور ہر جمہوری احتجاج کا راستہ اختیاری کریگی۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ کوئٹہ تاریخی طور پر کاسی ،یاسین زئی، بازئی اوردرانی قبیلے کی اجتماعی ملکیت ہے اور یہاں کے پہاڑوں، زمینوں کے مالک یہ قبائل ہیں۔ لیکن حکومت یہاں بااثر افراد کے ناموں پر زمینوں کی الاٹمنٹ ،غیر قانونی اور ناروا سیٹلمنٹ کرکے عوام کو اپنے ہی زمینوں سے محروم کیا جارہا ہے ۔ مسلط نام نہاد حکومت کو عوام کی زمینوں کے انتقالات کا کوئی اختیار نہیں ، زر و زورکی بنیاد پر مسلط حکومت کا مقامی عوام کی مرضی ومنشاءکے برخلاف جدی پدری زمینوں کو سرکاری قبضے کے نام پر لاکھوں ایکڑ انتقال کرنا غیر آئینی اور غیر قانونی اقدامات کے سوا کچھ نہیں ، تمام صوبے بالخصوص پشتون اضلاع میں حکومت لاکھوں ایکڑ عوام کے زمینوں ، جنگلات ، وسائل پر قبضہ کررہی ہے ۔ بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ عوام زر وزور کی بنیاد پر مسلط حکومت کے کسی بھی ناروا نوٹیفکیشن کے تحت قبائل کی زمین پر قبضہ کو برداشت نہیں کرینگے اور ایسے میں ہر صورتحال کی ذمہ داری مسلط نام نہاد حکومت پر عائد ہوگی ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں

Logged in as Bk Bk. Edit your profile. Log out? ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے