افغان ناظم الامور کی طلبی، باجوڑ میں دہشتگرد حملے پر پاکستان نے احتجاجی مراسلہ دے دیا، ترجمان دفتر خارجہ
اسلام آباد (ویب ڈیسک) افغان ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کرکے پاکستان کےخلاف دہشت گردی کے لیے افغان سرزمین کے استعمال پر احتجاج کیا گیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق 16 فروری کو باجوڑ میں دہشت گرد حملے پر افغان حکومت کو احتجاجی مراسلہ دیا گیا۔ ترجمان نے کہا کہ باجوڑ میں دہشت گرد حملے میں 11 پاکستانی فوجی جوان شہید ہوئے، حملہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کی جانب سے کیا گیا۔ وزارت خارجہ کی جانب سے ٹی ٹی پی کی قیادت کی افغانستان میں موجودگی پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ ٹی ٹی پی کی قیادت افغان سرزمین سے بلا روک ٹوک سرگرمِ عمل ہے، پاکستان کوافغان عبوری حکومت کی یقین دہانیوں کے باوجود کوئی ٹھوس اور قابل تصدیق اقدام سامنے نہیں آیا۔ ترجمان نے کہا کہ افغان عبوری حکومت اپنی سرزمین سے سرگرم تمام دہشت گرد گروہوں کے خلاف ٹھوس اقدامات یقینی بنائے۔


