ترقی، تعلیم اور امن ہی وہ راستہ ہے جس سے بلوچستان اور اس کے نوجوانوں کا روشن مستقبل ممکن بنایا جاسکتا ہے، سرفراز بگٹی
تربت ( آئی این پی )وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ پیپلز گرین بس سروس کیچ کے عوام کے لیے حکومت بلوچستان کی جانب سے ایک اہم تحفہ ہے جس کا مقصد عوام کو معیاری، محفوظ اور جدید سفری سہولیات فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت عوامی فلاح و بہبود اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کو ترجیح دے رہی ہے اور اسی وژن کے تحت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں عوام دوست منصوبے متعارف کرائے جا رہے ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیپلز گرین بس سروس کی افتتاحی تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا اس موقع پر صوبائی وزراءمیر ظہور بلیدی، میر شعیب نوشیروانی، میر عاصم کرد گیلو، پارلیمانی سیکرٹری حاجی برکت رند بھی موجود تھے، وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ موجودہ حکومت ایسی پالیسیاں تشکیل دے رہی ہے جن کے ذریعے نوجوانوں کا ریاست اور ریاستی اداروں پر اعتماد بحال ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا اصلاحاتی ایجنڈا طویل المدتی نتائج کا حامل ہے اور اس کے مثبت اثرات بتدریج سامنے آ رہے ہیں وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ حکومت نے صوبے میں بند اسکولوں کو فعال بنانے کا جو وعدہ کیا تھا اس پر تیزی سے عملدرآمد جاری ہے اور اس کے واضح نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اب تک 3200 بند اسکول دوبارہ فعال ہو چکے ہیں جبکہ اساتذہ کی بھرتی مکمل طور پر میرٹ کی بنیاد پر کی جا رہی ہے تاکہ تعلیمی نظام کو مو¿ثر اور مضبوط بنایا جا سکے انہوں نے کہا کہ مکران ڈویژن میں اس حوالے سے نمایاں پیش رفت ہوئی ہے اور گوادر میں ایک بھی اسکول بند نہیں ہے جو کہ حکومت کی تعلیمی اصلاحات کا واضح ثبوت ہے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ تعلیم کے فروغ کے بغیر بلوچستان کی پائیدار ترقی ممکن نہیں، اس لیے حکومت تعلیمی شعبے کی بہتری کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ بلوچ نوجوانوں، دانشوروں اور باشعور طبقات کو سنجیدگی سے سوچنا ہوگا کہ لاحاصل اور طویل جنگوں سے کسی کو فائدہ نہیں ہوتا بلکہ اس کا نقصان معاشرے اور آنے والی نسلوں کو اٹھانا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترقی، تعلیم اور امن ہی وہ راستہ ہے جس سے بلوچستان اور اس کے نوجوانوں کا روشن مستقبل ممکن بنایا جا سکتا ہے خطے کی موجودہ صورتحال پر بات کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پڑوسی ملک میں کشیدہ صورتحال کے اثرات پورے خطے پر مرتب ہو رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت بلوچستان اس حوالے سے وفاقی حکومت کے ساتھ مل کر درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے جامع حکمت عملی مرتب کر رہی ہے انہوں نے بتایا کہ وفاقی وزیر خزانہ اور وفاقی وزیر پیٹرولیم سے ہونے والی ملاقات میں بھی اس حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وفاق اور صوبوں کے درمیان مشاورت کے ذریعے اتفاق رائے سے درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ایک جامع قومی پالیسی تشکیل دی جا رہی ہے تاکہ ملک کو درپیش معاشی، سماجی اور علاقائی چیلنجز کا مو¿ثر انداز میں مقابلہ کیا جا سکے وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت بلوچستان صوبے میں امن، ترقی، تعلیم اور عوامی سہولیات کے فروغ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی تاکہ بلوچستان کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کیا جا سکے۔


