عالمی کشیدگی اور ممکنہ معاشی اثرات، سرکاری ملازمین اور وزرا کو سادگی و کفایت شعائری اختیار کرنا ہوگی، وزیراعظم

اسلام آباد (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملکی معیشت کو ہر ممکن استحکام فراہم کرنے کیلئے تمام ضروری فیصلے کیے جائیں گے اور تمام سرکاری ملازمین اور وزرا کو سادگی اور کفایت شعائری اختیار کرنا ہوگی۔ وزیراعظم کی زیرصدارت ملکی معیشت کے استحکام پراجلاس ہوا جس میں کفایت شعائری اورسادگی سے متعلق متعدد تجاویزاورسفارشات کا جائزہ لیا گیا اور عالمی کشیدگی اور ممکنہ معاشی اثرات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ علاقائی صورتحال سے توانائی فراہمی اور عالمی منڈیوں میں قیمتوں کے اتار چڑھاﺅ کا خدشہ ہے، تاہم ملک میں پیٹرول، ڈیزل اور دیگر پیٹرولیم مصنوعات کے مناسب ذخائر موجود ہیں۔ اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ موجودہ عالمی صورتحال میں بروقت معاشی اقدامات ناگزیر ہیں، حکومت عوامی مفادات کے تحفظ، ملکی معیشت کے استحکام کیلئے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔ وزیراعظم نے وزرا، سرکاری افسران کو عوامی ریلیف، وسائل کے موثر استعمال، سادگی اور کفایت شعائری اختیار کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ مشکل معاشی حالات میں قومی وسائل کے دانشمندانہ استعمال کو یقینی بنانا ناگزیر ہے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کفایت شعائری کی پالیسی صنعت اور زرعی شعبے پر لاگو نہیں ہوگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں