تربت میں گرین بس کے آغاز سے خواتین کو سفری سہولیات گھر کی دہلیز پر مہیا ہوں گی، وزیراعلیٰ بلوچستان

تربت (نمائندہ انتخاب) وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے تربت شہر میں گرین بس سروس کا باقاعدہ افتتاح کر دیا، افتتاحی تقریب میں صوبائی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات میر ظہور احمد بلیدی، صوبائی پارلیمانی سیکرٹری میر اصغررند، صوبائی وزراءمیر شعیب نوشروانی، میر عاصم کرد گیلو سمیت دیگر حکام موجودتھے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے گرین بس سروس کو کیچ کے عوام کیلئے ایک تحفہ قرار دیتے ہوئے کہاکہ اس کا کریڈٹ میر ظہور بلیدی ودیگر وزراءکو جاتا ہے، انہوں نے کہاکہ گرین بس سروس کے افتتاح کیلئے انہیں گزشتہ مہینے آنا تھا تاہم خراب موسمی حالات کے پیش نظر اس وقت افتتاح ممکن نہیں ہوسکا تھا، صوبہ بلوچستان میں کوئٹہ کے بعد کیچ دوسرا ضلع ہے جہاں گرین بس سروس شروع کردی گئی ہے جبکہ اگلے سال کیچ میں پنک بس سروس شروع کرنے جارہے ہیں تاکہ خواتین کو بھی سفری سہولیات گھرکی دہلیز پر مہیا کی جاسکیں، انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت اصلاحاتی پروگرام پر عمل پیراہے جس کے مثبت اور دیرپا اثرات آئندہ ایک دو سال میں برآمدہوں گے، ایجوکیشن کے شعبے میں ہم نے اصلاحات کا آغاز کردیا ہے جس کے مثبت ثمرات مل رہے ہیں بند اسکول کھل رہے ہیں، ضلع گوادر میں تمام اسکول فعال کردئیے گئے ہیں کیچ سمیت دیگر اضلاع میں بھی نان فنکشنل اسکولوں کو فعال بنایا جارہاہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں