یمن تنازعے میں مداخلت سرخ لکیر ہے، حوثی باغیوں نے امریکا کو خبردار کر دیا
یمن کے حوثی باغیوں کے ایک فوجی مشیر نے خبردار کیا ہے کہ اگر امریکہ نے یمن کے تنازعے میں سعودی عرب کی حمایت کے لیے مداخلت کی یا آبنائے باب المندب کو کھولنے کی کوشش کی تو مشرقِ وسطیٰ میں امریکی اثاثوں کو نشانہ بنایا جائے گا۔عبدالمحمد الثور نے اے ایف پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’اگر امریکہ اپنے بحری بیڑے کے ذریعے فوجی مداخلت کی جرات کرتا ہے یا باب المندب پر کنٹرول حاصل کرنے کی کوشش کرتا ہے تو یہ ان کے اور کسی بھی دوسرے فریق کے لیے ایک سرخ لکیر ہے۔‘انھوں نے مزید کہا کہ ’ہم اس پر لڑیں گے۔‘ایران کی حمایت یافتہ حوثی تحریک نے حال ہی میں اس تنگ بحری گزرگاہ کا کنٹرول سنبھال لیا ہے جو بحیرہ احمر کا راستہ ہے جبکہ اطلاعات ہیں کہ سعودی عرب نے حوثیوں کے خلاف امریکہ اور بین الاقوامی برادری سے فوجی مدد طلب کی ہے۔حوثیوں کی جانب سے باب المندب کی ناکہ بندی نے دنیا کے سب سے بڑے تیل برآمد کنندہ سعودی عرب پر دباؤ بڑھا دیا ہے۔


