ضیا لانگو نے صوبائی وزیر کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا، محکمہ داخلہ و قبائلی امور بلوچستان کا قلمدان تفویض
کوئٹہ(این این آئی) بلوچستان عوامی پارٹی کے میر ضیاءاللہ لانگو نے صوبائی وزیر کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا، محکمہ داخلہ و قبائلی امور بلوچستان کا قلمدان تفویض کردیا گیا ۔ بدھ کو گورنر ہاﺅس کوئٹہ میں گورنر بلوچستان شیخ جعفر خان مندوخیل نے بی اے پی کے رکن اسمبلی میر ضیاءاللہ لانگو سے صوبائی وزیر کے عہدے کا حلف لیا ، تقریب حلف بردار ی میں وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفرازبگٹی، صوبائی وزراءمیر عاصم کرد گیلو، حاجی علی مدد جتک، بخت محمد کاکڑ، راحیلہ حمید خان درانی ، سینیٹر دنیش کمار، آئی جی پولیس بلوچستان محمد طاہر، سیکرٹریز و دیگر افراد نے شرکت کی ۔ دریں اثناءوزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے بلوچستان حکومت کے رولز آف بزنس کے قاعدہ 5کے تحت میر ضیاءاللہ لانگو کو محکمہ داخلہ کا قلمدان تفویض کردیا ۔اس حوالے سے گورنر بلوچستان نے باقاعدہ نوٹیفیکشن بھی جاری کردیا ہے ۔واضح رہے کہ بلوچستان اسمبلی کے حلقہ پی بی 36قلات سے منتخب ہونے والے میر ضیاءاللہ لانگو کو21اگست 2024کو ڈی نوٹیفائی کرنے کے حکم کے بعد سے بلوچستان میں وزیر داخلہ کا عہدہ خالی جبکہ محکمے کا قلمدان وزیراعلیٰ کے پاس تھا ۔


