مجھ پر 17 جان لیوا حملے ہوئے، 1700 مزید حملوں کیلئے تیار ہوں، چند عناصر نے بلوچستان کے تاریخی حقائق کو مسخ کرکے پیش کیا، بلوچستان سے متعلق حقائق اور ریاستی بیانیے پر مکالمے کیلئے نوجوانوں کو سوالوں کا جواب دیے بغیر نہیں جاﺅں گا، سرفراز بگٹی

کوئٹہ (ویب ڈیسک) وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) کوئٹہ میں نوجوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خوشی ہے کہ پاکستان کے ایک معیاری تعلیمی ادارے میں مستقبل کے معماروں سے مخاطب ہوں، نوجوانوں کو تصور اور حقائق میں فرق جاننے کے لیے عملی تحقیق کرنا ہوگی۔ پاکستان سمیت معاشرے کو پروپیگنڈا بیانیوں کے چیلنجز کا سامنا ہے، ریاست پاکستان کے خلاف منظم منفی پروپیگنڈے میں وہ عناصر ملوث ہیں جنہوں نے آغاز سے پاکستان کو تسلیم نہیں کیا۔ حقائق کی نسبت تصور تیزی سے سفر کرتا ہے، بلوچستان سے متعلق حقائق اور تصورات میں واضح فرق موجود ہے۔ پاکستان کی تاریخ میں بلوچستان کی ایک خوبصورت کہانی موجود ہے، چند عناصر نے بلوچستان کے تاریخی حقائق کو مسخ کرکے پیش کیا۔ بلوچستان سے متعلق حقائق اور ریاستی بیانیے پر مکالمے کے لیے تیار ہوں، مجھ پر 17 مہلک حملے ہوچکے، ریاست کے لیے مزید 1700 حملوں کے لیے تیار ہوں۔ نوجوان بلا جھجھک سوال کریں، ہر سوال کا جواب دلیل اور حقائق سے دوں گا، میرٹوکریسی اور مسلسل ڈائیلاگ سے نوجوانوں اور ریاست میں خلیج ختم کی جاسکتی ہے۔ہر بچے اور ہر بیٹی کے سوال کا جواب دیے بغیر نہیں جاﺅں گا۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کا نسٹ یونیورسٹی کے طالب علموں سے چار گھنٹوں سے زائد وقت تک مکالمہ، وزیراعلیٰ بلوچستان نے سوال و جواب کے سیشن میں کھل کر سوال کرنے کے لیے کمیرے بند کروا دیے، وزیراعلیٰ بلوچستان نے طالب علموں سے سوال و جواب کے دوران اپنے ذاتی اسٹاف کو دیگر سرگرمیوں کی یاد دہانی سے منع کردیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں