بلوچستان میں پاور شیئرنگ معاہدہ دو بڑی جماعتوں کے درمیان ہے، بی اے پی قائم و دائم ہے، مستقبل میں اہم کردار ادا کریگی، نوابزادہ خالد مگسی

کوئٹہ (این این آئی) بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی صدر وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی نوابزادہ خالد مگسی نے کہا ہے کہ باپ کسی میں ضم نہیں ہوتا لوگ باپ میں ضم ہوتے ہیں، بی اے پی قائم و دائم ہے مستقبل میں اہم کردار ادا کریگی ، بلوچستان میں پاور شیئرنگ معاہدے کی باتیں سنی ہیں ، اس کی تصدیق دو بڑی جماعتوں کے ذمہ داران ہی کر سکتے ہیں ، یہ بات انہوں نے بدھ کو گورنر بلوچستان شیخ جعفر خان مندوخیل کے ہمراہ گورنر ہاﺅس کوئٹہ میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہی ۔ اس موقع پر صوبائی وزیر میر عاصم کردگیلو ، پارلیمانی سیکرٹری محمد خان لہڑی ،رکن اسمبلی کلثوم نیاز بلوچ بھی موجود تھے ۔ نوابزادہ خالد مگسی نے کہا کہ باپ کہیں ضم نہیں ہوتا لوگ باپ میں ضم ہوتے ہیں بی اے پی ہماری جماعت ہے اس جماعت نے ایک وقت گزارا ہے مشکل حالات میں بھی جماعت برقرار ہے لوگ پارٹی چھوڑ کر گئے لوگ آتے جاتے ہیں آئندہ بھی یہ جماعت اہم کردار ادا کریگی ۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں پاو ر شیئرنگ معاہدہ د و بڑی جماعتوں کے درمیان ہے ہمیں اس متعلق معلومات نہیں البتہ ہم بھی باتیں سن رہے ہیں ان باتوں میں کتنی صداقت ہے وہ وہی جماعتیں ہی بتا سکتی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ افواہیں پھیلانا صوبے کے لیے اچھا نہیں ہے غیر یقینی سیاسی صورتحال نیک شگون نہیں ہے کیونکہ اس سے توجہ کب کون آرہے کب کون جارہے پر چلی جاتی اور اہم معاملات سے ہٹ جاتی ہے ۔ایک سوال کے جواب میں نوابزادہ خالد مگسی نے کہا کہ سیکورٹی مسائل ہونے کی وجہ سے مختلف علاقوں کا دورہ کرنا مشکل ہوگیا ہے پہلے ہم آزاد گھومتے تھے اب سیکورٹی رسک بڑھ گیا ہے ذاتی سیکورٹی کا لشکر بنانے کے لیے صوبائی وزیر میر عاصم کر دگیلو سے مشاورت کرونگا ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں