تفتان بازار میں 19 سال بعد بوسیدہ بجلی کھمبوں کی تبدیلی کا کام شروع، تاجروں اور عوامی حلقوں کا اظہار اطمینان
نوکنڈی (نامہ نگار) سرحدی شہر تفتان میں تقریباً 19 سال بعد بجلی کے بوسیدہ اور خستہ حال ایل ٹی کھمبوں کی تبدیلی کا عمل باقاعدہ طور پر شروع کردیا گیا ہے، جس پر عوامی اور تجارتی حلقوں نے خوشی اور اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ تفتان بازار اور اس سے ملحقہ علاقوں میں نصب ایل ٹی کھمبے طویل عرصے سے انتہائی خستہ حالی کا شکار تھے، جو کسی بھی وقت کسی بڑے حادثے کا سبب بن سکتے تھے۔ شہریوں اور تاجروں کی جانب سے اس اہم مسئلے کی بارہا نشاندہی کی جاتی رہی اور مطالبہ کیا جاتا رہا کہ عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔ عوامی حلقوں کے مطابق وزیر اعلیٰ بلوچستان کے سابق کوآرڈینیٹر میر اعجاز خان سنجرانی، سپرنٹنڈنٹ انجینئر خضدار کرم بخش بادینی، ایکس ای این نوشکی امان اللہ بلوچ، ایس ڈی او علی بخش بگٹی اور بالخصوص لائن سپرنٹنڈنٹ تفتان سردار بشیر احمد محمد شہی نے اس مسئلے کے حل کے لیے سنجیدہ کوششیں کیں۔ ذرائع کے مطابق لائن سپرنٹنڈنٹ تفتان سردار بشیر احمد محمد شہی نے صورتحال کی سنگینی کو مدنظر رکھتے ہوئے متعدد بار حکامِ بالا کو آگاہ کیا اور مسلسل رابطے و کوششوں کے نتیجے میں تفتان بازار کے لیے نئے ایل ٹی کھمبوں کی فراہمی ممکن بنائی گئی۔ اب نئے کھمبوں کی تنصیب کا عملی کام شروع ہو چکا ہے، جس سے نہ صرف بجلی کے نظام میں بہتری آئے گی بلکہ شہریوں کو ممکنہ حادثات سے بھی تحفظ حاصل ہوگا۔ عوامی و تجارتی حلقوں نے اس اقدام کو تفتان کے بجلی نظام میں ایک مثبت اور خوش آئند پیش رفت قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ مستقبل میں بھی عوامی مسائل کے حل کے لیے اسی طرح موثر اور عملی اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔


