حکومت کھڈ کوچہ کے عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اور تحفظ کیلئے عملی اقدامات کرے ، بی این پی
مستونگ (مانیٹرنگ ڈیسک)بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) ضلع مستونگ نے کھڈ کوچہ میں پیدا ہونے والی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ علاقے کے عوام شدید مشکلات اور بے یقینی کی کیفیت سے دوچار ہیں۔ مقامی لوگوں کو اپنے گھر، زمینیں اور تیار باغات و فصلیں چھوڑ کر نقل مکانی پر مجبور ہونا پڑ رہا ہے، جو نہایت تشویشناک اور افسوسناک صورتحال ہے۔بی این پی ضلع مستونگ نے اپنے بیان میں کہا کہ کھڈ کوچہ کے عام شہری اس صورتحال سے براہِ راست متاثر ہو رہے ہیں۔ نقل مکانی اور آمدورفت میں مشکلات کے باعث طلبہ و طالبات، بیمار افراد، مریضوں، بزرگوں، خواتین اور روزمرہ زندگی سے وابستہ تمام طبقات کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔ خصوصاً طلبہ کی تعلیم متاثر ہو رہی ہے جبکہ مریضوں کو علاج معالجے کے لیے بروقت طبی سہولیات تک پہنچنے میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔پارٹی نے کہا کہ کھڈ کوچہ کے عوام اپنے گھروں، زمینوں اور باغات سے وابستہ ہیں اور ان کی معاشی زندگی انہی وسائل سے چلتی ہے۔ لوگوں کا اپنے علاقوں سے نقل مکانی پر مجبور ہونا نہ صرف ایک انسانی مسئلہ ہے بلکہ اس سے مقامی لوگوں کے معاشی مستقبل پر بھی منفی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔بی این پی ضلع مستونگ نے مطالبہ کیا کہ کھڈ کوچہ کے عوام کے تحفظ، بنیادی انسانی ضروریات اور آزادانہ آمدورفت کو یقینی بنایا جائے، شہریوں کو اپنے گھروں اور معاشی وسائل سے محروم ہونے سے بچایا جائے اور علاقے میں پیدا ہونے والی صورتحال کا فوری اور پ±رامن حل تلاش کیا جائے۔بی این پی نے کہا کہ کسی بھی صورتحال میں عام شہریوں، طلبہ، مریضوں اور دیگر غیر متعلقہ افراد کو مشکلات میں ڈالنا قابلِ قبول نہیں۔ حکومت اور متعلقہ ادارے کھڈ کوچہ کے عوام کی مشکلات کا فوری نوٹس لے کر ان کے تحفظ اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات کریں۔


