چابہار فری زون کے اعلیٰ سطحی ایرانی وفد کی گوادر آمد، دورہ پاکستان ایران اقتصادی تعلقات میں اہم سنگ میل ہے، صدر چیمبر آف کامرس گوادر
گوادر (بیورو رپورٹ) چابہار فری زون کا اعلیٰ سطحی ایرانی وفد پاک ایران گبد ریمدان بارڈر کے راستے گوادر پہنچ گیا، صدر چیمبر آف کامرس جہیند ہوت نے وفد کا استقبال کیا۔ ایرانی وفد کے استقبال کے موقع پر جنرل سیکرٹری خالد سیف اور سابق صدر شمس الحق کلمتی بھی موجود تھے۔ گوادر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی خصوصی دعوت پر چابہار فری زون آرگنائزیشن کا ایک بااختیار اور اعلیٰ سطحی ایرانی وفد پاک ایران سرحد گبد کے راستے گوادر پہنچ گیا۔ وفد کی قیادت چیئرمین بورڈ اور منیجنگ ڈائریکٹر چابہار فری زون آرگنائزیشن محمد سعید اربابی کر رہے ہیں، جبکہ وفد کے دیگر اراکین میں مجیب حسنی، میثم کیخواہ آریا، محمد شریفی پیرجل، شکری بلوچ، یوسف باوار، علی رضا چشم جہان، داد رحیم پارسا، کاوہ، امیر خان نژاد، یحییٰ میر بلوچ، مختار دلوشی، انور رحمت پور اور عبدالشکور دانشمند شامل ہیں۔ پاکستان کا دورہ کرنے والے بااختیار وفد میں ایرانی پالیسی ساز، سرمایہ کار، لاجسٹکس ماہرین اور بین الاقوامی تجارت سے وابستہ اہم شخصیات شامل ہیں۔ صدر گوادر چمبر آف کامرس جیہند ہوت کا کہنا ہے یہ دورہ پاکستان ایران اقتصادی تعلقات میں ایک اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے اور خطے میں تجارتی و صنعتی تعاون کے ایک نئے باب کا آغاز سمجھا جا رہا ہے۔ ترجمان گوادر چیمبر آف کامرس کے مطابق گوادر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی نوجوان اور متحرک قیادت، خصوصاً صدر جہیند ہوت، اس اہم پیش رفت کے مرکز میں ہیں۔ صدر جہیند ہوت کی قیادت میں چیمبر نے نہ صرف اس انٹرنیشنل وفد کو گوادر مدعو کیا بلکہ گوادر کو عالمی سرمایہ کاروں کے لیے ایک پرکشش مرکز بنانے کی کوششوں کو بھی غیر معمولی تیزی دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گوادر کی کاروباری شخصیات صدر جہیند ہوت کی اس متحرک حکمت عملی کو سراہتے ہوئے اسے گوادر کی معاشی بحالی اور ترقی کے لیے ایک فیصلہ کن قدم قرار دے رہے ہیں۔ صدر جہیند ہوت کی قیادت میں چیمبر اس دورے کو نہ صرف گوادر بلکہ پورے بلوچستان کے لیے ایک معاشی موقع میں تبدیل کرنے کے لیے سرگرم عمل ہے۔ ترجمان گوادر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ساجد بن رحیم کے مطابق یہ دورہ گوادر کی معاشی سرگرمیوں میں نئی روح پھونکنے، سرمایہ کاری کے دروازے کھولنے اور بین الاقوامی سطح پر گوادر کی اہمیت کو اجاگر کرنے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ صدر جہیند ہوت کی قیادت میں چیمبر نے جس وژن کے ساتھ اس وفد کو گوادر مدعو کیا ہے، وہ جلد عملی شکل اختیار کرتا دکھائی دے گا۔ دورے کے دوران وفد گوادر فری زون، بندرگاہی سہولیات، جاری ترقیاتی منصوبوں اور سرمایہ کاری کے مواقع کا تفصیلی جائزہ لے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ گوادر اور چابہار کے درمیان مسابقت کے بجائے تعاون کو فروغ دینے، مشترکہ لاجسٹکس نیٹ ورک، ٹرانزٹ ٹریڈ، شپنگ لائنز اور وسط ایشیائی منڈیوں تک رسائی کے امکانات پر بھی اہم پیش رفت متوقع ہے۔ گوادر کا دورہ کرنے والے انٹرنیشنل وفد اپنے دورہ پاکستان کا آغاز گوادر سے کرے گا، جہاں صدر جہیند ہوت اور چیمبر کی قیادت گوادر میں موجود اعلیٰ افسران اور بیوروکریسی سے ملاقات کے بعد وفد کراچی روانہ ہوگا اور پھر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں اعلیٰ حکام اور کاروباری شخصیات سے ملاقاتیں کرے گا، جہاں دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ پر اہم فیصلے متوقع ہیں۔ ترجمان چمبر آف کامرس ساجد بن رحیم کے مطابق صدر جہیند ہوت کی قیادت میں گوادر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے ایک بار پھر ثابت کیا ہے کہ وہ نہ صرف مقامی بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی گوادر کی نمائندگی بھرپور انداز میں کر رہا ہے، اور یہ دورہ مستقبل میں مزید بڑے عالمی وفود کی آمد کی راہ ہموار کرے گا۔


